حکومت کو ہرصورت میں گھر بھیج کر دم لیں گے، سر بلند جوگیزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عوامی مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کے کنونیئر سردار سر بلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 27فروری کاعوامی لانگ مارچ عوام کے لئے امید کی کرن ہے سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہی ہے، پیپلز پارٹی قوم کو کسی بھی صورت مایوس نہیں کریگی، موجودہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اب اسکا خاتمہ قریب ہے،یہ بات انہوں نے منگل کو پارٹی کے صوبائی فنانس سیکرٹری اور فنانس کمیٹی کے کنونیئر ملک عبدالحمید کاکڑ سمیت عوامی مارچ موبلائزیشن کے لئے مختلف ڈویڑنل ضلعی اور زیلی ونگز کے زمہ داران کو پمفلٹ حوالہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ساڑھے تین سال تک جمہوری انداز میں موجودہ حکومت کی ہر ممکن مخالفت کی اور عوا م کی آواز بلند کی ہے اب حکومت نے عوام پر مظالم کی انتہا کردی ہے جو ناقابل برداشت ہے مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی سمیت دیگر مسائل نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ملک کو معاشی،داخلی اور خارجی طور پر انتہائی کمزور کردیا گیا ہے ایسی صورتحال میں خاموش رہنا حکومت کے جرم میں برابری کی شرکت کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کی آواز ہے اور 27فروری کا عوامی مارچ یہ ثابت کریگا کہ سندھ،بلوچستان،پنجاب،خیبر پختونخواء کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کا سمندر اسلام آبادپہنچتے ہیں حکومت کا خاتمہ ہوجائیگا ہم حکومت کو ہر صورت میں گھر بھیج کر دم لیں گے انہوں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مارچ میں بھر پور انداز میں نا صرف شرکت کریں بلکہ عوام کو بھی اس حوالے سے آگاہی دیں