موجودہ حکومت کے اچھے کارناموں میں سے بلین ٹریز سونامی پروگرام ایک شاندار منصوبہ ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اچھے کارناموں میں سے بلین ٹریز سونامی پروگرام ایک شاندار منصوبہ ہے،گرین اینڈ کلین پاکستان کی خاطر صوبے میں زیادہ درخت لگانے سے نہ صرف قومی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ گلوبل وارمنگ کے حوالے سے بھی ان کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے،موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالے سے سات لاکھ نئے درخت لگانا خوش آئند ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبائی سیکرٹری برائے فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف دوستین خان جمالدینی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات کے دوران بلین ٹریز سونامی پروگرام، موسمیاتی تبدیلیاں، صوبے میں جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ آج کی موسم بہار کی شجرکاری مہم میں پہلی بار پاکستان بوائے سکاؤٹس کی شرکت لائقِ تحسین ہے،نئے پودوں کی آبیاری کے ساتھ ساتھ پرانے درختوں کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے،گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ اور جدید مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی کی اداروں کی مدد و رہنمائی کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ یہ بات باعثِ فخر ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کی وجہ سے پاکستان کے ماحول دوست اقدامات کے انٹرنیشنل ادارے بھی معترف ہیں،گورنر بلوچستان نے کہا کہ اپنے اپنے گھروں اور گلی کوچوں میں درخت لگانے کے حوالے سے شعور و بیداری کی بھرپور عوامی مہم چلائی جائے،بعدازاں گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے گورنر ہاؤس کے احاطے میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا،قبل ازیں گورنر بلوچستان بوائے سکاؤٹس نے سلامی پیش کی، اس موقع پر صوبائی سیکڑیری دوستین خان جمالدینی، چیف کنزرویتر ضیغم علی، سید غلام محمد، کوئٹہ کنزرویٹر نیاز کاکڑ، محمد اسلم شاہوانی اور ناصر شاہ بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے