سردار یار محمد رند کی قیادت میں سانحہ اعوان برادی کے لواحقین کا دھرنا چو تھے روزبھی جاری رہا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کی قیادت میں سانحہ اعوان برادی کے لواحقین کا دھرنا چو تھے روزبھی جاری رہا، دھرنے کے شرکاء نے حکومت کے خلاف اور تین افراد کے قتل،دو افراد کو زخمی کر نے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے نعرہ بازی کی،اس موقع پر شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمدرند نے کہا کہ گزشتہ 6 دن سے احتجاج پر ہیں لیکن یہاں گونگے بہرے اور بے حس حکمران بیٹھے ہیں، بدقسمتی سے حکمران منتخب نہیں ہوئے بلکہ ان کو ایک مخصوص قوت نے ہم پر مسلط کیاگیا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی علاقے میں کوئی بچہ بھی گٹر میں گر جائے تو ہیڈ لائنز چلتی ہیں لیکن یہاں 5 افراد قتل ہوئے لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، انصاف فراہم کرنے والے صرف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں مصروف ہیں، انہوں نے کہاکہ ہمیں اتنا مجبور نہ کریں کہ برداشت ختم ہو اور بول پڑیں، ہم محب وطن لوگ ہیں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں ہمیں مجبور نہ کیا جائے،انہوں نے کہاکہ ملک میں استحکام نہیں لیکن استحکام پاکستان ریلی نکالی جاتی ہے، لوٹ مار کرنے والے لولے لنگڑے حکمران اس ملک کو استحکام نہیں دے سکتے،انہوں نے کہاکہ ٹھپوں کے ذریعے لوگوں کو کامیاب کرایا گیا اور بلوچستان حکومت چوروں کے حوالے کی گئی،غلامی نہیں اور نہ ہی کرونگا بے شک مستقبل میں مجھے ٹھپوں کے ذریعے ہرایا جائے،انہوں نے کہاکہ 48 گھنٹے بعد میں مزید 24 گھنٹوں تک دیکھتے رہے لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہوئے، ہماری جدوجہد آخری دم تک جاری رہے گی،انہوں نے کہاکہ آج کے اسمبلی کے اجلاس میں مظلوموں کی آواز بلند کروں شائد کسی کا ضمیر جاگ جائے۔