سرکاری شعبہ کے اردومیڈیم پرائمری اسکولوں کی بہتری کی جامع پالیسی مرتب کی جائے گی، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سرکاری شعبہ کے اردومیڈیم پرائمری اسکولوں کی بہتری کی جامع پالیسی مرتب کی جائے گی،اردو میڈیم سرکاری سکولوں کو انگریزی میڈیم اسکولوں کے برابر لائیں گے،تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے شعبہ تعلیم میں اصلاحات اور انقلابی تبدیلیاں ناگزیر ہیں، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہاکہ گزشتہ ادوار میں بھی شعبہ تعلیم کی ترقی کی باتیں ہوتی رہیں لیکن موثر پالیسی کا فقدان رہا،بجٹ کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ ہوتا ہے لیکن خاطر خواہ نتائج نہیں ملتے،اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ اردو اور انگلش میڈیم اسکولوں کے معیار میں بہت زیادہ فرق ہے ایک ہی معاشرے میں تعلیمی معیار کے فرق سے بچوں میں احساس کمتری پیدا ہوتا ہے،بچوں میں اعتماد پیدا کرنے اور انکی شخصیت سازی کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اردومیڈیم اسکولوں کے معیار کی بہتری کے لئے پالیسی سازی کرے،سرکاری اردومیڈیم اسکولوں کی کاکردگی میں اضافے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،انہوں نے کہاکہ بچوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حاضری بھی ضروری ہے اساتذہ کی ٹریننگ کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جائے ان اقوام ہی نے ترقی کی منازل طے کیں جنکا معیار تعلیم بہتر ہے آئندہ بجٹ میں اردومیڈیم پرائمری اسکولوں کے معیار کے بہتری کو ترجیح حاصل رہے گی۔