موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کو ترجیحی اہمیت دیتی ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے بلوچستان سیٹلائٹ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ 2022 کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تقریباً تین دہائیوں تک اسکواش کا عالمی چمپئن رہا ہے اور آج بھی اسکواش کی دنیا پاکستان اپنی کارکردگی کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کو ترجیحی اہمیت دیتی ہے اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں مختلف کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے، انہوں امید ظاہر کی کہ اسکواش کے کھلاڑی دوبارہ پاکستان کو اسکواش کی دنیا میں قائدانہ مقام دلائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوکوئٹہ ایوب اسٹیڈیم شاہنواز مری اسکواش کمپلیکس میں بلوچستان سیٹلائٹ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ 2022 کے افتتاح کے موقع پر شائقین اور کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بلوچستان اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارشد، سید نوراحمد آغا، مشتبہ چنگیزی، بلوچستان ایجوکیشن فاونڈیشن کے ایم ڈی پروفیسر شیر زمان، ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بلوچستان کے سربراہ عبدالباری بڑیچ کے علاوہ ملک بھر سے اسکواش کھلاڑیوں اور مقامی شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، گورنر نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان میں بھی اسکواش سمیت مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے ذہین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے جس کی ایک مثال ڈسٹرکٹ پشین سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز کرکٹر حسیب اللہ ہے جنہوں نے انڈر19 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی، گورنر بلوچستان نے کہا کہ اگرچہ اسکواش کا کھیل برطانیہ میں قیدیوں نے شروع کیا تھا تاہم پاکستان نے ہاشم خان، جہانگیر خان، جان شیر خان اور قمر زمان وغیرہ جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، گورنر بلوچستان نے اسکواش کے فروغ ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ محکمہ کھیل و ثقافت کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی جائیں گی، آخر میں گورنر بلوچستان کو منتظمین کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے