بھارت انتہا پسندوں اور اسلام دشمنوں کا گڑھ بن چکا ہے، مولانا عبد الواسع
کوئٹہ (این این آئی)قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے اعلان پر صوبہ بھر کے تمام اضلاع لسبیلہ، خضدار، قلات، مستونگ، نصیر آباد، کوئٹہ پشین، زیارت، ہرنائی، سنجاوی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ،قلعہ عبداللہ اور ژوب سمیت صوبہ بھر یوم حجاب منایا گیا، جس سے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الواسع،جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس فقہی کے سربراہ مولانا مفتی محمد روزی خان، ضلعی امیرجمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ مولانا عبد الرحمن رفیق، صوبائی سرپرست مولانا حافظ حسین احمد شرودی اور ائمہ وخطباء امراء اور نظماء اور علماء نے خصوصی اجتماعات سے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ "جے شری رام”بھارت ماتا کی جے” وندے ماترم” نہ کہنے پر مسلمانوں کا کشت وخون مودی کی آشیرباد پر جاری ہے، ایک "نقاب پوش” مسلم لڑکی نے دنیا بھر میں بھارت کے لبرل ازم اور جمہوریت کو”بے نقاب "کیا،انہوں نے انتہاء پسند بھارت کی ریاست کرناٹک میں مسلمان لڑکی مسکان خان کو حجاب کے باعث ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں بھارت کی نام نہاد جمہوریت ولبرلزم کا پردہ چاک ہوا ہے، اس حوالے سے بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف امت مسلمہ کی مبینہ خاموشی شرمناک ہے، اب وہاں دیگر ریاستوں کے تعلیمی اداروں میں بھی حجاب پر پابندی کی آوازیں بلند ہورہی ہیں، اس پر مذہبی آزادی کا واویلا کرنے والے مغربی ممالک کی دوہری خاموشی بھی عیاں ہوچکی ہے، ان کو صرف مذہبی آزادی توہین رسالت اور توہین اسلام کے مرتکب افراد کے دفاع میں یاد آجاتی ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت انتہا پسندوں اور اسلام دشمنوں کا گڑھ بن چکا ہے جس کے خلاف امت مسلمہ کو متحد ہوکر کھڑے ہونا چاہیے ورنہ تاریخ کسی کو معاف نہیں کرے گی،دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنے بھارتی مسلمان بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھے ملا کر چلنا ہوگا۔ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے بھی بے شرمی کی انتہا کرتے ہوئے بھارت کے کارناموں پر تماشا دیکھ رہے ہیں۔ بھارت کے تعلیمی اداروں میں مسلمان بچیوں پر حجاب پر پابندیاں لگانے کا اقدام اسلام اور مذہبی آزادی پر بدترین حملہ ہے۔ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انکی مذہبی آزادی کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ حجاب مسلم خواتین کی شان ہے، اللہ تعالی کی طرف سے مؤمن خواتین پر حجاب پہننا فرض قرار دیا ہے، حجاب عفت، پاکدامنی، اور تقوی کی علامت ہے، حجاب کے بارے میں تمام مسلمان علمائے کرام، واعظین اور عام مسلمانوں کی ذمہ داری بھی بنتی ہے کہ وہ لوگوں کو حجاب کے بارے میں رہنمائی دیں اور اس کی ترغیب بھی دلائیں، جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں ائمہ وخطباء نے مزید کہا کہ بھارت میں آئے روز مسلمانوں پر تشدد گائے کا گوشت کھانے پر قتل اور فسادات کی آڑ میں مسلمانوں کی نسل کشی کو معمول بنالیا گیا ہے کرناٹک کی مسلم بچی مسکان خان نے ایک نئی تاریخ رقم کردی، بھارت سے مسلمانوں کا نام و نشان تک مٹا دینے کے نعرے لگانے والے ہندو انتہا پسند منہ چھپاتے پھرتے ہیں کہ ایک تنہا مسلمان لڑکی نے انہیں دو کوڑی کا بنادیا ہے، یہ مسئلہ بھارت میں کہاں جاکر رکتا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے تاہم مسکان نے بھارت میں نریندر مودی کی حکومت کے چہرے پر ”اللہ اکبر“ کے نعرے کے ساتھ جوزور دار چانٹا رسید کیا ہے اس کی گونج بھارت سمیت پورے مغرب میں سنائی دے رہی ہے۔