تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے میڈیکل کالجز کے طلباء کو اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت اور پی ایم سی ہوگی،رحمت صالح بلوچ

پنجگور(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سابق وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے میڈیکل کالجز کے طلباء کی حالت غیر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر طلباء کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت اور پی ایم سی ہوگی،انہوں نے کہا کہ طلباء جائز مطالبات پر 72دن سے شدید سردی میں احتجاج کررہے تھے لیکن بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی جس پر مجبوراً طلباء کو تادم مرگ بھوک ہڑتال کا راستہ اختیار کرنا پڑا،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی بدقسمتی ہے کہ جعلی لوگوں کو اسمبلی پہنچایا گیا اور اب نہ یہاں حکومت ہے اور نہ ہی اپوزیشن،ایک مافیا ذاتی مفادات کی تکمیل کے لئے سرگرم ہیں جس کو عوام کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں اس وجہ سے طلباء،ڈاکٹر کسان اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین سمیت ہر طبقہ احتجاج پر ہے،انہوں نے کہا کہ مکران، جھالاوان اور لورالائی میڈیکل کالجز کے طلباء 72 روز سے سراپا احتجاج ہیں مگر افسوس نااہل سلیکٹڈ حکومت ان کے جائز مطالبات پر توجہ دینے کی بجائے ریکوڈک فروخت اور سیندک منصوبے کی توسیع کے لئے سرگرم ہے،انہوں نے کہا کہ ہم شروع دن سے کہہ رہے تھے کہ بلوچستان میں جن لوگوں کو لایا گیا وہ کسی بڑی سازش کا شاخسانہ ہے،انہوں نے کہاکہ ریکوڈک معاہدہ اور سیندک لیز میں توسیع سے ہمارے خدشات درست ثابت ہورہے ہیں اس وقت جو لوگ اقتدار میں ہیں ان کے پاس ایک گیٹ کھولنے کا بھی اختیار نہیں،انہوں نے کہا کہ صوبہ میں حکومت صرف میڈیا کی حد تک زندہ ہے اور گریڈ 18کا ایک آفیسر میڈیا کی حد تک حکومت چلا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے