پاکستان خطے میں پرامن اورمستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا، ثمینہ ممتاززہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کنوینئرذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستانہ ہمیشہ سے پر امن، مستحکم اور خود مختار افغانستان کا حامی رہاہے، عالمی برادری افغانستان کوکسی بھی قسم کے بحران سے بچانے کیلئے بھرپورتعاون کرے، انہوں نے افغانستان میں سنگین بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے پڑوسی ملک افغانستان کے لئے بھی یہی احساسات رکھتا ہے، انہوں نے افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر افغان عوام کی مدد کریں تاکہ کسی بھی انسانی المیہ سے بچا جا سکے، افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ عالمی برادری کی تعمیری، سیاسی اور معاشی رابطہ کاری کی بھی اشد ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے علاقائی رابطوں میں وسیع معاشی اور انسانی بحران سے بچنے کے لئے عالمی برادری کو مسلسل تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ خطے میں امن و امان اور استحکام کا دارومدار افغانستان کی صورتحال پر منحصر ہے،پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کی بہتری اور ان کی منگوں کے مطابق فیصلوں کا خیر مقدم کیا ہے اور آئندہ بھی ایسے فیصلوں کی حمایت کرتا رہے گا،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی اور ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہشمند نہیں پاکستان افغانستان کا پڑوسی اور خیر خواہ ہے افغانستان کی صورتحال کا براہ راست پاکستان پر اثر پڑتا ہے، پاکستان مضبوط، مستحکم اور پرامن افغانستان کیلئے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتاہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں افغانستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی پاکستان خطے میں پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور ترقی کے لئے افغان رہنماؤں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغانستان میں جامع سیاسی حل کے لئے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ افغانستان کے بہتر مستقبل کے لئے بھرپور لائحہ عمل طے کیا جاسکے،سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دین، تاریخ، جغرافیہ، ثقافت اور بھائی چارہ کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستان افغانستان کے ساتھ وسیع تر تعلقات کا خواہاں ہے اور افغانستان میں دیرپا امن کے لئے ہر مثبت اقدام کی حمایت کرے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے