صحافی محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ غیر قانونی قرار، آئی جی اسلام آباد کو کارروائی کی ہدایت
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری اور غیر قانونی چھاپے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے اب سے کچھ دیر قبل صحافی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ مارگلہ ایف آئی اے لاہور کے کسی آفیشل کو پیش کرسکے اور نہ ہی متعلقہ ریکارڈ پیش کیا، حقائق کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کے لیے کوئی چھاپا مار ٹیم روانہ ہی نہیں ہوئی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے اپنی ایف آئی آر کا ریکارڈ پیش نہیں کیا، مبینہ مغوی کو تاحال ایف آئی اے کے کسی کیس میں گرفتار ہی نہیں کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق محسن بیگ کے گھر غیر قانونی چھاپا مارا گیا متعلقہ افراد چھاپا مارنے کے مجاز نہیں تھے۔اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج ظفر اقبال نے آئی جی اسلام آباد کو ایس ایچ او کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی اور فیصلے میں لکھا کہ ایس ایچ او نے غیر قانونی چھاپہ مارنے والی ٹیم کے خلاف کاروائی کی بجائے خود مقدمہ درج کر جعلی پیشہ وارانہ مہارت دکھانے کی کوشش کی۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ مقدمہ 9 بجے درج ہوا اور ساڑھے 9 بجے ایف آئی اے نے بغیر کسی سرچ وارنٹ کے محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مارا، سوا دو بجے تک ایس ایچ او نے ریکارڈ اور غیر قانونی حراست میں رکھے محسن بیگ نہیں پیش کیا، پولیس محسن بیگ کا بیان ریکارڈ کر کے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔دریں اثنا ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور اور اسلام آباد پولیس نے صحافی محسن بیگ کے گھر پر دوبارہ مشترکہ چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے گھر کی تلاشی کے لیے چھاپہ مارا۔