سوراب ، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہونے لگا
سوراب(ڈیلی گرین گوادر) سوراب میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہونے لگا،عوامی اور کاروباری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے سوراب سٹی میں چوری اور ڈکیتی کے وارداتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے،چند دن پہلے جمعہ خان پردیسی نامی شخص کی کار چھین لی گئی،گزشتہ روز لیویز ملازم کی موٹرسائیکل تھانہ مسجد سوراب کے سامنے سے چرا لی گئی اور اب باخبر ذرائع کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی شب سات مسلح افراد نے آر سی ڈی روڈپر واقع شہید سکندر پٹرولیم پر دھاوا بول کر وہاں موجود شراف الدین اور باز محمد کو زدوکوب کرکے ان سے ساڑھے تین لاکھ روپے نقد،دراز میں موجود رقم کے علاوہ دو عدد موبائل فون بھی چھین کر بآسانی پیدل فرار ہوگئے،اس واقعے کے بعد آر سی ڈی روڈ پر کاروبار کرنے والے لوگوں اور سوراب سٹی کے عوام میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،سوراب پولیس کو اس واقعہ کی اطلاعی رپورٹ دی گئی ہے،واضح رہے کہ ڈکیتی کے دوران چوروں کے ایک ساتھی کی ہیڈ کیپ گر گئی تھی جس پر سوراب پولیس لکھی ہوئی ہے جو قابل تشویش بات ہے تاہم یہ بازار سے خریدی گئی عام کیپ تھی یا کسی پولیس اہلکار کی؟ اس سلسلے میں پولیس کو گہرائی سے چھان بین کرنی ہوگی۔