کوئٹہ شہرکے تمام ترقیاتی  منصوبے شہریوں کے مفاد میں ہیں، سہیل الرحمان بلوچ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ کی زیر صدارت وزیر اعلی بلوچستان کوئٹہ پیکیج کے تحت سریاب روڈ اورسبزل کی توسیعی اور تعمیر و مرمت کے منصوبوں پرکام کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ پیکج عابد محمود، ڈائریکٹر جنرل پی اینڈ ڈی اور کنٹریکٹرز کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پیکیج کے تحت آنے والی سڑکوں بالخصوص سریاب روڈ اورسبزل روڈ کی توسیع اور مرمت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،اس موقع پر کوئٹہ پیکج کے تحت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت اور مختلف امور کا جائزہ بھی لیا گیا،کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کوئٹہ پیکج کے تحت شہر کے اہم سڑکوں میں سریاب روڈ اورسبزل روڈ کی توسیع، تعمیر و مرمت اور دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے اور تمام لائن ڈیپارٹمنٹ اپنی سروس لائنز کی منتقلی کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے،انہوں نے کہا کہ بالخصوص سریاب روڈ اور سبزل روڈ کی توسیع منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے سروسز لائنز کی منتقلی کو جلد از جلد مکمل کرکے ترقیاتی کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے،انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور پائیداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ کوئٹہ کے تمام ترقیاتی  منصوبے شہر اور شہریوں کے مفاد میں ہیں ان کی بروقت تکمیل سے جہاں شہریوں کو سہولت میسر آنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے مسائل بھی حل ہوں گے وہی شہر کی بہتری اور خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بروقت تکمیل سے رش اور ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا،انہوں نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران اور کنٹریکٹرز کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پیکج میں شامل بالخصوص سریاب روڈ اورسبزل روڈ کو مقررہ مدت تک مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،انہوں نے کہا کہ اگر کام کے دوران کوئی بھی مشکلات یا روکاوٹیں درپیش ہو تو انتظامیہ ہر قسم کے تعاون اور مدد کیلئے تیار ہیں اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پیکج کے حوالے سے منصوبوں پر کام پر پیش رفت اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے