پولیوکے خاتمے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرزکومل کرکام کرنا ہوگا، یاسر خان بازئی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن یاسر خان بازئی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرزکو مل کرایک منصوبے کے تحت کام کرنا ہوگا،کوئٹہ بلاک میں حالیہ پولیو مہم میں رہ جانے والے بچوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوران مہم میں رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دے کر انہیں ہر صورت پولیو کے قطرے پلائے جائیں،دور دراز اور دشوار گزار علاقوں تک ٹیموں کی رسائی کیلئے جامعہ حکمت عملی بنایا جائے تاکہ کوئٹہ بلاک میں تمام بچوں تک حفاظتی قطروں کی رسائی ممکن ہوسکے،پولیو کے حوالے سے حساس یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مانیٹرنگ اور سکیورٹی کے نظام کو سخت بنایا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ٹسک فورس کے اجلاس میں کوئٹہ بلاک میں پولیو کی مجموعی صورتحال کے بریفنگ کے موقع پر کیا، اس موقع پرڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، ڈپٹی کمشنر پشین،ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ،ڈپٹی کمشنر چمن، ڈی ایچ او کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، ای پی آئی، پی پی ایچ آئی کے افسران بھی موجود تھے،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن یاسر خان بازئی نے کہا کہ پولیو مہم کے حوالے سے کوئٹہ بلاک میں حساس یونین کونسلوں میں بچوں تک قطروں کی رسائی کو ممکن بناتے ہوئے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تاکہ مہم کے دوران کوئی ایک بچہ بھی پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بلاک کے سرحدی علاقوں میں آمدورفت کے دوران آنے جانے والے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں،کوئٹہ بلاک میں حالیہ رپورٹ سے ابتک پولیو کی مجموعی صورتحال اور کارکردگی کے حوالے سے ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں اب تک کوئٹہ بلاک میں کوئی کیسز رپورٹ نہیں ہوئے ہیں،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دوران مہم میں رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دے کر انہیں ہر صورت پولیو کے قطرے پلائے جائیں اور ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مانیٹرنگ اور سکیورٹی کے نظام کو سخت بنایا جائے۔