ادارے ہمیشہ وزیراعظم کوسپورٹ کرتے ہیں، پرویز خٹک
اسلام آباد(ٰ ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عدم اعتماد تحریک میں اپوزیشن کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ ادارے ہمیشہ وزیراعظم کوسپورٹ کرتے ہیں، وزارت دفاع بہت اچھا کام کررہی ہے اور اس میں بہت ڈسپلن ہے، دفاع کے ادارے کی چیزیں سیکرٹ ہوتی ہے اس کو وزرا کے سرٹیفکیٹ سے نہ جوڑا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں 4 کامیاب آزاد امیدواربھی تحریک انصاف میں شامل ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت کے طور پرسامنے آئی، اپوزیشن جماعتوں کو بد ترین شکست ہوئی جو ان کو طویل عرصہ یاد رہے گی، ولیج کونسل میں کمیٹی کی شکل میں تنظیمیں بنارہے ہیں، بہت جلد تحریک انصاف اپنی مقبولیت کی طرف واپس آئے گی، کارکنوں کی مرضی سے ولیج کونسل کی تنظیمیں بنائیں گے اور ورکرز کو با اختیار بنائیں گے۔
پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بارے نالائق، نااہل کے حوالے سے مہم چلائی گئیں، اس وقت پوری دنیا میں مہنگائی ہورہی ہے، عمران خان کو نا اہل کہتے ہیں، کیا امریکا، یورپ کے تمام وزیراعظم نااہل ہیں؟ پوری دنیا میں پٹرول، گیس، دالوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، اپوزیشن نے ہمارے خلاف ایک ڈرامہ بنایا مگر عوام سمجھدار ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں زیادہ مسئلہ افغانستان سے آرہا ہے، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی سرگرم ہوچکی ہے، دہشت گردوں کو فنڈنگ کرنے والے اگرفنڈنگ بند کر دیں گے تو دہشت گردی ختم ہوجائے گی، دہشت گرد بڑے، بڑے ملک بنا رہے ہیں، جو ملک دہشت گردوں کو سپورٹ کرتے ہیں ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، یہ ایک عالمی مسئلہ بن گیا ہے، کسی ملک کوخراب کرنا ہو تودہشتگردی کرائی جاتی ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ مولانا سیاسی بے روزگارہیں، انہیں حلقے کے عوام نے دوبارہ مسترد کردیا ہے، جس بندے پر گھروالے اعتماد نہیں کرتے باہر والا کون کرے گا؟ یہ عدم اعتماد سے پہلے اپنے ممبران کی فکر کریں، عمران خان اگلے 5 سال بھی پورے کریں گے، اپوزیشن والوں کے کیسز منطقی انجام تک پہنچنے والے ہیں اور یہ اگلے پانچ سال اڈیالہ جیل میں ہونگے۔