پاک ایران کی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہیں ہو سکتی، شیخ رشید

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہو سکتی، مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایران کے مشکور ہیں۔

انہوں نے یہ بات ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹراحمد وحیدی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی، ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال، افغانستان میں ممکنہ انسانی المیے سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں پاک ایران بارڈر پر فینسگ کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ غیرقانونی انسانی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کے لیے فینسگ کا کام مکمل ہونا ضروری ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے فینسگ کا کام جلد مکمل ہونا ضروری ہے۔افغانستان کے حالات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وسائل کی قلت سے افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، اقوام عالم کو انسانیت کے ناطے افغان عوام کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدارامن اورافغان عوام کی فلاح کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں حالیہ اضافہ افسوسناک ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث گروپ اور عناصرانسانیت کے دشمن ہیں۔ پاکستان پر دہشتگرد حملے کو ایران پر حملہ سمجھتے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی اور دیرینہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے