سابق چیف جسٹس گلزاراحمد کی فول پروف سیکیورٹی حاصل کرنے کیخلاف درخواست دائر
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) جیورسٹ فاؤنڈیشن کے ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی فول پروف سیکیورٹی حاصل کرنے کے خلاف درخواست دائر کردی۔
درخواست گزار ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی نے مؤقف اختیار کیا کہ جسٹس گلزار احمد کا ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی سکیورٹی کا تقاضہ کرپشن، ڈر اور اللہ پر کامل یقین نہ ہونے کو ظاہر کرتا ہے اور سیکیورٹی کو وسیع تر قومی مفاد کہا جو کہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کا فول پروف سیکویرٹی کا تقاضہ بدنیتی، قومی خزانے پر بوجھ اور ذاتی مفاد پر مبنی ہے اس لیے عدالت سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے خط کو غیر قانونی، غیر آئینی اور قانون سے ماروا قرار دے۔
ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی نے استدعا کی کہ عدالت تمام فریقین کو تمام مرعات واپس لینے اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرے اور عدالت وصول ہونے والی رقم کا 20 فیصد درخواست گزار کو فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے۔درخواست میں سابق چیف جسٹس گلزار احمد، وزارت قانون، وزارت داخلہ اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔