ہم اپنی زندگی پر مبنی فلم بنانے کے لیے رابطے میں ہیں : ثانیہ مرزا شعیب ملک
پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک اور اہلیہ، بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اپنی زندگی پر مبنی فلم بنانے کے لیے تیار ہیں۔
یہ مشہور ایتھلیٹ جوڑی اکثر ہی کسی نہ کسی وجہ سے خبروں میں نظر آتی ہے، اور اپنے مداحوں کو خوش اور حیران کرنے میں کبھی ناکام نہیں ہوتی۔اس بار بھی ہمیشہ کی طرح شعیب ملک اور ثانیہ مرزا اپنے مداحوں کے لیے ایک زبردست خوشخبری لے کر آئے ہیں۔ثانیہ مرزا نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ’ہم اپنی زندگی پر مبنی فلم بنانے کے لیے اس وقت چند لوگوں سے رابطے میں ہیں کورونا وباء کی وجہ سے تمام عمل تھوڑی سست روی کا شکار ہے لیکن اس پراجیکٹ پر کام ہو رہا ہے‘۔ثانیہ مرزا نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کے حوالے سے کہا کہ’ شعیب کے بارے میں تو وہ کچھ نہیں کہہ سکتیں لیکن اُن کا خیال ہے کہ وہ خود کبھی اچھی اداکارہ نہیں بن سکتیں‘۔اُنہوں نے مزید کہا کہ’ وہ کیمرے کے سامنے شرما جاتی ہیں اس لیے اُنہیں نہیں لگتا ہے کہ اداکاری کی دنیا میں اُن کی کوئی جگہ ہے‘۔ثانیہ مرزا نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ اب کچھ تو کرنا پڑے گا،ہمارے چیٹ شو کی شوٹنگ جلد شروع ہوجائے گی‘۔ثانیہ مرزا کے کیمرے کے سامنے شرمیلے ہونے کے بارے میں حیرت کا اظہار کیا گیا کیونکہ ثانیہ مرزا کو اکثر ہی ٹاک شوز میں اور ٹک ٹاک ویڈیوز میں بہت پراعتماد دیکھا گیا ہے۔ثانیہ نے کہا کہ’ اُن کا مزاحیہ انداز ہمیشہ زبردست ہوتا ہے لیکن کیمرے کے سامنے شرمیلے ہونے کا دعویٰ وہ اداکاری کے حوالے سے کر رہی ہیں‘۔