معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے لئے بھرپور کام کیا جارہا ہے خواتین کسی بھی معاشرے کا اہم ستون اورپاکستان کی نصف آبادی ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شرکت کے بغیرترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی نصف آبادی یعنی خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے ان خیالات کا اظہار کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی سینٹ وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پاکستانی خواتین کے دن کے موقع پر خواتین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو مختلف مسائل کا سامنا ہے جس کے سدباب کے لئے ہمیں جامعہ پالیسی بنانی ہو گی اور ان پر عملدرآمد کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔آئین پاکستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے تاہم ضرورت ا س امر کی ہے کہ خواتین کو ان کے حقوق بارے آگاہی دی جائے تب ہی وہ اس معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ معاشرے میں خواتین بارے سوچ کو بدلنا ہوگا۔بلوچستان کی ہنر مند اور پڑھی لکھی خواتین مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنے فرائض منصبی بخوبی نبھا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ خواتین کے لئے صوبے میں خواتین کے لئے تعلیم کے مواقع دوسرے صوبوں کی نسبت کم ہیں اور اور مختلف ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ضروری ہے کہ خواتین کو تعلیم سمیت تمام مساوی حقوق دیئے جائیں۔ ہنر مند اور خود مختار خواتین معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اوراس کی تعمیر و ترقی میں خواتین کے مثبت اور تعمیری کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا خواتین کو بااختیار بنانے اور تحفظ کے لئے بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں کئی منصوبوں پر عمل پیرا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کو ہنرمند اور بااختیار بنانے کے لئے ٹیکنیکل اور ووکیشنل سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں خواتین کی بہت بڑی تعداد ہنر حاصل کر رہی ہے جبکہ بہت سے علاقوں میں ایسے ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کے قیام کے لئے کام جاری ہے تاکہ بلوچستان کی خواتین مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر کے اپنے خاندان کی کفالت میں ہاتھ بٹا نے کے ساتھ معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔بلوچستان کی خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں،آج کی خواتین جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اس سلسلے میں فنی صلاحیت رکھنے والی خواتین کو روزگار کے مواقع فراہمی کے لئے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔بلوچستان حکومت ہنر مند خواتین کو اپنا کاروبار کرنے کے لئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لئے بھی کوشاں ہے تاکہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند خواتین ہر شعبے میں ٹریننگ حاصل کر کے بلوچستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔