شاہد آفریدی پی ایس ایل7 سے دستبردار ہوگئے
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے دستبردار ہوگئے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ ٹورنامنٹ کو اچھے نوٹ پر ختم کرنے کی کوشش رہا تاہم کمر کی تکلیف کے باعث مزید کھیلنا مشکل ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ 16سال سے کمر کی تکلیف میں مبتلا ہونے کے باوجود قومی ٹیم اور مختلف لیگز کھیل رہا تھا، کیرئیر میں فینز کا سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔گزشتہ روز شاہد آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے 4 اوورز میں 27 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
سابق کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا دیکھائی دیئے تھے جبکہ فیلڈنگ کے دوران انہیں مشکلات کا بھی سامنا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آغاز پر کراچی میں میچز کے دوران کوویڈ-19 میں مبتلا ہوگئے تھے جس کے باعث ابتدائی میچز میں گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی سے قاصر رہے تھے۔