چارسال میں ثابت ہوا حکومت کے پاس صرف مہنگائی اورکرپشن پلان ہے، شہباز شریف
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے سے زائد اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عوام کو ظالم حکومت سے نجات دلائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں لیگی صدر کا کہنا تھا کہ عمران نیازی مہنگائی سے عوام کی زندگیاں چھیننے کے بجائے مستعفی ہوجائیں، چار سال میں ثابت ہوا حکومت کے پاس صرف مہنگائی اور کرپشن پلان ہے، اس حکومت سے نجات سے ہی عوام کور یلیف ملے گا، عوام کو ریلیف تو نہیں مل سکا، صرف تکلیف درتکلیف کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی نکمی اور نااہل ترین، کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہی عوام کے ریلیف کا واحد ذریعہ ہے ، عمران نیازی ہر روز مہنگائی کی بجلی عوام پر گراتے ہیں، پٹرول بم گرانے کی تیاری ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عوام کو ظالم حکومت سے نجات دلائیں گے، غریب دشمن حکومت ہر روز مہنگائی کا حکم جاری کرتی ہے، اب عوام کی طرف سے ان پر عدم اعتماد کا حکم جاری کرنے کا وقت آگیا ہے، یہ حکومت صرف مہنگائی کی تبدیلی لائی، ہرروز اشیاءکی قیمت تبدیل ہوجاتی ہے۔