وزیراعظم نے خود اپنی حکومت اوراپنی پارٹی کو بڑی بے دردی سے تقسیم کیا ہے، ملک سکندر ایڈوکیٹ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت کے کسی محکمے یا ذمہ دار نے اب تک عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا، وزراء کو ایوارڈ صرف پی ڈی ایم کو گالیاں دینے پر دئیے گئے ہیں ایوارڈ تقسیم میں بھی ناانصافی برتی گئی جس کے بعد حکومت خود اختلافات کا شکار ہوگئی ہے اب پی ڈی ایم کو عدم اعتماد لانے کی ضرورت نہیں حکومت از خود ہی ختم ہو جائیگی، یہ بات انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے وزراء کو ایوارڈ دینے پر رد عمل دیتے ہوئے کہی، ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ وزیراعظم نے خود اپنی حکومت اور اپنی پارٹی کو بڑی بے دردی سے تقسیم کیا ہے کچھ وزراء کو ایوارڈ سے نواز گیا جبکہ پانچ وزراء کو فیل قرار دیا ہے جنہیں نہ تو ابھی تک کابینہ سے نکالا گیا اور نہ ہی ان وزراء نے اپنے ضمیر کی آواز پر استعفیٰ دیا ہے باقی وزراء اور مشیران کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے ایسی صورت میں حکومت اور پارٹی مجموعی طور پر عجیب مخمسے کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ جن وزراء کو ایوارڈ دیا گیا ہے ان کا کوئی ایساکارنامہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے متعارف نہیں ہوا کہ جس پر کہا جائے کہ واقعقاً مہنگائی میں کمی کے لئے کسی مثبت عمل کی طرف قدم بڑھا گیا ہے پا پھر پاکستانی کرنسی گرنے کی بجائے اوپر آنے کے اشارے واضح ہیں، بجلی اور گیس کے نرخ آسمان سے نیچے کر نے کے لئے اقدام کیا گیا ہے، اس حکومت کے دور میں بد عنوانی اور میگا کرپشن کیسز میں کسی کو گرفتار یا سزا دی گئی ہے، امن و امان کے قیام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے کوئی قابل عمل منصوبہ بنایا گیا ہے یا پھر پارلیمنٹ کے اصولوں اور آئین کے تقاضوں کے مطابق عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کوئی قانون سازی کی گئی ہے انہون نے کہا کہ گورننس سے متعلق بہت سے مسائل ہیں ان میں اصلاح کے لئے کوئی راست اقدام نہیں اٹھا یا گیا حکومت کے ذمہ داروں نے اصلاحقی اقدامات کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی آئین کے آرٹیکل 29سے 40پر عمل کے لئے بھی کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے جب ان سب اقدامات کا فقدان ہے تو ایوارڈ کس لئے دئیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کی بجائے وزراء کو صرف اس لئے ایوارڈ دئیے گئے ہیں کیونکہ وہ پی ڈی ایم کو صبح وشام گالیاں دیتے رہتے ہیں لیکن بھی انصاف نہیں ہوا کیونکہ گالیاں اور پروپیگینڈا تو دوسرے وزراء بھی کرتے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اب پی ڈی ایم کے لئے کسی قسم کی فکر کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ حکومت خود گرے گی اور عدم اعتماد کی نوبت بھی نہیں آئیگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے