دہشتگردی کوشکست دینے کیلئے سہولت کاروں کا نیٹ ورک توڑنا ہو گا، جنرل قمرجاوید باجوہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی سمیت دیگر چیلنجز کے باوجود محنت سے حاصل کئے ثمرات کو کسی بھی صورت واپس ہونے نہیں دیں گے، پاک فوج پنجگور کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کریگی، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دہشتگردوں کو انکے حامیوں و سہولت کاروں کے درمیان گٹھ جوڑ ختم کرنا ناگزیر ہے، یہ بات انہوں نے پنجگور میں پاک فوج کے جوانوں،علاقہ و قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بلوچستان کے علاقے پنجگور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 2فروری کو سیکورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کر نے والے جوانوں کے ساتھ پورا دن گزارا، آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور پہنچنے پر آرمی چیف کو مقامی کمانڈر کی جانب سے علاقے میں سیکورٹی صورتحال اور ابھرتی ہوئے خطرات کو موثر انداز میں روکنے کے لئے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حالیہ دہشتگردی کی کاروائیوں کے خلاف انکے پیشہ ورانہ اور موثر جواب کو سراہا انہوں نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کے لیے آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداء کو انکی فرائض کی ادائیگی اور مادر وطن کے تحفظ کے لئے عظیم قربانیوں پر خراج عقید ت پیش کیا، آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے پنجگور کے قبائلی اور علاقہ عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے دہشتگردی کے ناسور کے خلاف سیکورٹی فورسز کی معاونت کر نے کے عمل کو سراہاانہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں و سہولت کاروں کے درمیان گٹھ جوڑ ختم کرنا دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ناگزیر ہے آرمی چیف نے مقامی عمائد ین کو یقین دلایا کہ پاک فوج علاقے کی ترقی اور خوشحالی بلخصوص سماجی و اقتصادی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کریگی انہوں نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود دہشتگردوں کو کسی بھی صورت محنت سے حاصل کئے گئے ثمرات کو دوبارہ ختم کر نے نہیں دیا جائیگاقبل ازیں پنجگور پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال کیا