خواتین کے بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور اور بلوچستان اسمبلی میں وویمن پارلیمنٹرین فورم کی چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، سیکورٹی، مالی آزادی اور وراثت مراعات نہیں بلکہ خواتین کے بنیادی حقوق ہیں ہم ان حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے پاکستانی خواتین کے خصوصی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں ڈبلیو پی سی کی چیئرپرسن و پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین نہ صرف ہمارے معاشرے میں خاندان کا اہم ترین ستون ہیں بلکہ کسی بھی فرد کی کامیابی کا سب سے بڑا سہارا ہیں آئین پاکستان میں حقوق نسواں کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے تاہم قوانین کی تشریحات اور عمل درآمد کے مسائل کی وجہ سے خواتین کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے خواتین اگر کمزور ہیں تو ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں شروع سے ہی مثبت سمت میں تربیت دینے اور بااختیار بنانے کے لئے قوانین اور رہنماء اصول بنائے جائیں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ، دنیا بھر میں خواتین کی اکثریت کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہیں تعلیم حاصل کرنے کے برابر مواقع نہیں ملتے جس کی وجہ سے وہ مردوں کے برابر تعلیم حاصل نہیں کر پاتیں۔ انہیں روزگار کے برابر مواقع نہیں ملتے، ملازمتوں میں مردوں اور عورتوں کے لئے الگ الگ شعبے بنے ہیں، خواتین مختلف تفویض کردہ معاشرتی ذمہ داریوں میں پوری خودمختاری سے کام نہیں کر سکتیں، طبی نگہداشت کی سہولتیں اْن کے لئے ناقص ہیں، اْن کے لئے خاطر خواہ سیاسی نمائندگی کا فقدان ہے اور سب سے بڑھ کر معاشرے میں لوگوں کی سوچ ان کے لئے موافق نہیں ہے صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ رائج الوقت قوانین پر عمل درآمد ان میں مزید بہتری اور ترقی کے مواقعوں تک خواتین کی رسائی بڑھائی جائے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صنفی عدم مساوات کے مسائل برداشت سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ آگے بڑھنے اور کچھ کر کے دکھانے کے بجائے ہم اسی بحث میں الجھے رہ جاتے ہیں کہ کون کسی کام کو بہتر طریقے سے کر سکتا ہے۔ آج تک ہم اسی سوچ بچار میں لگے ہیں کہ مردوں کو زیادہ مواقع ملے ہیں یا خواتین کو۔ خواتین کو معلوم ہونا چاہئے کہ ان کی اہمیت کیا ہے۔ ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ آگے آئیں اور اپنے حقوق کی خاطر آواز اٹھائیں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بلوچستان کی خواتین نے زمانہ امن و جنگ میں ذات پات یا مذہبی امتیاز کے قطع نظر کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ایک ترقیافتہ و روشن بلوچستان کا مستقبل غیر معمولی باصلاحیت کی حامل پرعزم خواتین کے متحرک کردار سے وابستہ ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق قوانین کی تشکیل اور منظوری کے لیے خواتین اراکین اسمبلی پوری تندہی و یکجہتی کے ساتھ کام کررہی ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ ہم بلوچستان کی خواتین کو معاشی و اقتصادی اور سیاسی فیصلہ سازی کے عمل میں خود مختیار بناکر انہیں ان کا پروقار مقام دلانے کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے