یونیورسٹی آف گوادر کی سنڈیکیٹ کا پہلا اجلاس منعقد ، تعلیمی اور انتظامی امور سے متعلق مختلف سفارشات پیش کی گئیں
گوادر(ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی آف گوادر کی سنڈیکیٹ کا پہلا اجلاس 2022 فروری کو ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی میں یو جی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
آغاز میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے سنڈیکیٹ کے اراکین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے ایوان کو یونیورسٹی میں معیاری تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی کی ورکنگ، پیش رفت اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا۔
وی سی نے کہا کہ عوامی نمائندوں، سول سوسائٹی کی مسلسل دلچسپی اور ایچ ای سی، وفاقی اور صوبائی حکومت کے بروقت تعاون سے ہمارا ادارہ اعلیٰ تعلیم کے بین الاقوامی اداروں کے برابر ایک بہترین یونیورسٹی بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اجلاس میں تعلیمی اور انتظامی امور سے متعلق مختلف سفارشات پیش کی گئیں جن کی سنڈیکیٹ کے معزز ممبران نے تفصیلی غور و خوض کے بعد توثیق کی۔وائس چانسلر نے تجاویز کا خیر مقدم کیا اور ممبران کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی کی معیاری تعلیم، تحقیق اور ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
ایوان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی قیادت میں مختصر عرصے میں یونیورسٹی کی بے مثال پیش رفت کو سراہا۔ایم این اے گوادر/لسبیلہ اسلم بھوتانی نے کہا میں علاقہ کے عوامی نمائندہ کی حیثیت سے ہر فورم پر یو جی کے لیے فندز اور وسائل مہیا کرنے کے لیے حتی الوسع کوشش کروں گا۔ سینڈیکیٹ ممبر دوستین خان جمالدینی نے کہا گوادر کی اہمیت کی وجہ سے یہ یونیورسٹی بہت اہمیت رکھتی ہے۔
سنڈیکیٹ کی میٹنگ میں یونیورسٹی کی انتظامی تدریسی اور مالی معاملات سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں سنڈیکیٹ ممبران اسلم بھوتانی (ایم این اے گوادر/لسبیلہ) ، دوستین خان جمالدینی (سیکرٹری جنگلات بلوچستان)، دولت خان (رجسٹرار ) رحمت اللہ (قائم مقام خزانچی)، شہناز نور (قائم مقام ڈائریکٹر QEC ) اور مجاہد حسین (قائمقام کنٹرولر امتحانات) نے شرکت کی۔ میٹنگ کا اختتام وائس چانسلر کے شکریہ کے ساتھ ہوا۔