چیئرمین نیب عہدہ چھوڑنے سے پہلے اپنے اثاثے ظاہر کریں، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب عہدے چھوڑنے سے پہلے اپنے اثاثے ظاہر کریں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے اربوں روپے کھا گئے کوئی جواب دینے والا نہیں ہے، آج پنجاب میں پیسوں پر نوکریاں دی جارہی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مشرف دور میں شہبازشریف کیخلاف تحقیقات ہوئیں کچھ نہیں ملا،شہبازشریف کیخلاف پیسے لے کر نوکری دینے کا کوئی چارج نہیں ہے، ایک پیسے کی کرپشن نوازشریف کیخلاف ثابت نہیں ہوئی، آج سارے پنجاب میں افسران پیسے دے کر عہدے لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کہتے ہیں میں فیس نہیں کیس دیکھتا ہوں، آج جو ناانصافیاں ہورہی ہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، شہزاداکبر نے کہااے آر یو نے خط لکھا ہے کہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ڈیلی میل شہبازشریف کے خلاف شواہدپیش نہیں کرسکا، شہبازشریف کیخلاف 2سال تک تحقیقات جاری رہیں، نومبر 2021 میں نیشنل کرائم ایجنسی نے عدالت میں بیان دیا کہ شہبازشریف کیخلاف کوئی کرپشن، منی لانڈرنگ کا ثبوت نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت مسائل حل نہ کرسکے تو جھوٹ بولنا شروع کردیتی ہے۔