محکموں کوکمپیوٹرائز کیے بغیر اچھی طرزحکمرانی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ جب تک تمام سرکاری اداروں اور محکموں کے انتظامی ڈھانچے کو مکمل طور پر کمپیوٹرائز نہ کیا جائے اس وقت تک عوام گوں نا گوں مشکلات میں الجھتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ اراضی کے حصول اور قیمت کا درست تعین کرنے کیلئے ہمیں فوری طور پر چند مخصوص افراد کے مفادات کے سلسلہ کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ روایتی پٹواری نظام کو مکمل طور پر ملیامیٹ کرنے سے ہی شفافیت اور جوابدہی کو سچی بنیادیں بھی فراہم ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنما ملک لیاقت لہڑی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ لینڈ ایکویزیشن ریکارڈ کو ڈیجٹلائز کرنے سے روایتی طریقہ کار اور فرسودہ پٹواری نظام سے ہی نجات مل سکتی ہے. انہوں نے کہا کہ ایک شفاف اور مربوط نظام کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری آفیسرز اور ملازمین کے استعدادکار کو بڑھانا بھی اشد ضروری ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ اداروں اور محکموں کو کمپیوٹرائز کیے بغیر اچھی طرز حکمرانی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا. وفد نے گورنر بلوچستان کو سریاب کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا جس پر گورنر بلوچستان نے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔