عدم اعتماد سے پہلے اپوزیشن اپنےاندر بے اعتمادی ختم کرے، حافظ حسین احمد

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کے خلاف عدم اعتماد سے پہلے اپوزیشن اپنے اندر بے اعتمادی ختم کرے، 23 مارچ کے لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کے لیے آصف زرداری کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم سے عاق کرنے والے آج اسی زرداری کے اشاروں پر چل رہے ہیں۔ بدھ کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کہنے پر پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو عاق کیا تھا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ آج اُسی آصف زرداری کے روڈ میپ پر چلنے کا فیصلہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کے لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کے لیے آصف زرداری کی خدمات حاصل کی گئی ہیں نواز شریف اپنے مسائل اور مشکلات کی وجہ سے ایک بار پھر زرداری کے جال میں پھنس گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری زیرک سیاستدان ہیں اور وہ جس سیاسی بساط پرچال چل رہے ہیں معلوم نہیں کہ وہ یہ کھیل خود کھیل رہے ہیں یا کسی اور کے اشارے پر میدان میں ہیں البتہ اب 11 فروری کو پیپلز پارٹی کے فیصلوں پر پی ڈی ایم سے انگوٹھا لگوایا جائے گا اور زرداری کی ایک اور چال کو اپنانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا لانگ مارچ نومبر تک لانگ ہوسکتا ہے کیوں کہ نومبر میں موسم کے ساتھ اور بھی انتہائی اہم تبدیلیاں ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے