بلوچستان کے تمام محکموں میں لاء افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے، ربابہ بلیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرکاری محکموں کے خلاف سول عدالتی چارہ جوئی کا ماہانہ تناسب دو سو سے ڈھائی سو مقدمات ہے جس میں زیادہ تر کیس محکمہ تعلیم، مواصلات و تعمیرات اور محکمہ صحت سے متعلق ہیں پروڑن آف لمیٹیشن ایکٹ 1908 کے تحت سرکاری محمکوں کے خلاف عدالتوں میں دائر مقدمات کی بروقت پیروی اشد ضروری ہے بلوچستان کے تمام محکموں میں لاء افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تو محکموں سے متعلق عدالتی امور سہل ہوسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں محکمہ قانون سولیسٹر سیکشن کی جانب سے پیش کردہ کارکردگی جائزہ رپورٹ سے متعلق منعقدہ نشست کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی سولیسٹر قانون عبد الرزاق شاہوانی، انڈر سیکرٹری احمد خان کاسی نے محکمہ قانون کے سولیسٹر سیکشن کی کارکردگی و جائزہ رپورٹ پیش کی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا بعض محکموں میں سروس اسٹریکچر اور رولز کی عدم تشکیل کے باعث عدالتی چارہ جوئی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ ایسے محکمے اپنی انتظامی کمی و کوتاہیوں کو دور کریں قانون سازی میں سست روی کا معاملہ محکمہ قانون کی جانب سے نہیں بلکہ ان ہی انتظامی محکموں کی جانب سے ہوتا ہے جو ضرورت کے باوجود قانون سازی کے مسودہ کی تشکیل پر کام ہی نہیں کرتے پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور نے کہا کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں لاء افسران کی کمی ہے جس کے باعث مقامی عدالتوں میں دیگر نزدیکی علاقوں سے لاء افسران کو پیروی کے لئے بھیجا جاتا ہے ہماری کوشش ہے کہ کم از کم ڈویڑن سطح پر گریڈ 20 کے لاء افسران کی آسامیاں تخلیق کرکے مقامی سطح پر ان کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ سرکاری امور کی پیروی بروقت ہوسکے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ عدالت عظمی قانون کی تشریح کا ایک بااختیار فورم ہے اور سپریم کورٹ کے متعدد فیصلے سرکاری امور کی انجام دہی میں بہترین رہنمائی کا راستہ ثابت ہو سکتے ہیں لہذا ضروری ہے کہ محکمے ان مصدرہ فیصلوں سے انحرافی نہ کریں بلکہ ان فیصلوں کو مدنظر رکھ کر میرٹ کی بنیاد پر احکامات جاری کریں تاکہ سرکاری محمکوں کا تقدس برقرار رہے اور اٹھائے گئے اقدامات کسی عدالت میں چیلنج کرنے کی نوبت نہ آئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ہدایت کی کہ سولیسٹر سیکشن مقررہ ٹائم بار کے مطابق ہر سطح پر جملہ مقدمات کی پیروی اور حسب ضرورت اپیل کے عمل میں ہمہ وقت متحرک رہے تاکہ جس مقصد کے لئے یہ سیکشن قائم کیا گیا ہے حکومت کو اس کے ثمرات حاصل ہوسکیں اور قانونی کارروائی میں سرکاری موقف کو میرٹ کی بنیاد پر پزیرائی حاصل ہوسکے