بلوچستان کی ترقی پاکستان کے مستقبل کے لیے ترجیح اور اہم ہے،وزیراعظم کا قبائلی عمائدین سے خطاب
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے نوشکی کا دورہ کیا اس موقع پر گورنر وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی اور صوبائی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بریفننگ دی گئی وزیراعظم عمران خان نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہداء اور انکے خاندانوں کو پاکستان کے لئے قربانیاں دینے پر بھر پور خراج عقید ت پیش گیا، وزیراعظم نے دہشتگردوں کے حملے کو پسپا اور ناکام بنانے کے لئے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں، بہادی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کامظاہرہ کرنے پر انہیں سراہتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے مسلح افواج کی حمایت کے قومی عزم کا اعادہ کیاانہوں نے کہا کہ جامع قومی کوششوں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون اور مسلح افواج کی معاونت سے ہم بلوچستان کی اصل صلاحیتوں کا ادراک کریں گے بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے علاقے کے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی غیر متزلزل حمایت اور بلوچستان میں خوشحالی اور ترقی کے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات میں ساتھ دینے کو سراہا انہوں نے جرگے کے اراکین کو بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مخلصانہ تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا وزیراعظم نے زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کے مستقبل کے لیے ترجیح اور اہم ہے۔