تبدیلی سرکارعوام کوریلیف فراہم کرنے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے،غزالہ گولہ

کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صدر غزالہ گولہ،جنرل سیکرٹری زرینہ زہری، سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس،میڈیا کوارڈی نیٹر کرن بلوچ نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار عوام کوریلیف فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے،اب نا اہل عمران نیازی کو گھر جانا ہی پڑے گا حکومتی معاشی اعدادوشمار زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے،سفید پوش طبقے کو روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں اور حکومتی وزراء ترقی کے دعوے کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،بلوچستان کے عوام 27 فروری کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے کال پر لبیک کہتے ہوئے ملانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔یہ بات انہوں نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور معاشی منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے جس کی وجہ سے عوام پریشانی کا شکار ہیں اور اس کے ساتھ دن بدن بڑھتی بے روزگاری نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ذرداری اِن حالات اور عوامی مسائل بالخصوص نوجوانوں کو بے روزگاری کے باعث در پیش مسائل ہی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہی کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو بھی روزگار کے مواقع میسر نہیں ہیں 50لاکھ گھر اور1کروڑ نوکریاں دینے والوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر اور بے روزگار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ روزگار دینے کے دعوے کرکے اقتدار میں آئے تھے انہوں نے ہی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک دی آج مہنگائی و بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ روزگار دینا تو دور کی بات ہے بلکہ جو لوگ برسرِ روزگار لوگ تھے وہ بھی اپنے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں آج ملک میں بیروزگاری مہنگائی اور غربت کا دور دورہ ہے اور ملک کے ہر شعبے کا اس نااہل حکومت نے بیڑہ غرق کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی ہی عوام کی امید ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عوا م کو سلیکٹڈ نا اہل حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے 27فروری کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے بلوچستان کے عوام بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعلان پر لبیک کہتے ہوئے لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کرکے حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے