پی پی پی میدان میں اترچکی ہے، 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور اسلام آباد جائیں گے، بلاول بھٹو
نصیرآباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی میدان میں اترچکی ہے، 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور اسلام آباد جائیں گے، سلیکٹڈ کے گھبرانے اور حساب دینے کا وقت آچکا ہے۔ بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل تمبو میں بااثر سیاسی شخصیت سردار غلام رسول عمرانی کے گرینڈ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھنا چاہیے۔ جمہوریت کا انتقام یہ ہوگا کہ اسی سلیکٹڈ کو اسی جمہوری طریقے سے شکست دیں، اسی قومی اسمبلی میں شکست دیں، جہاں سے وہ طاقت حاصل کرتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور نصیرآباد کے عوام کا تعلق آج کا نہیں تین نسلوں پر محیط ہے اور اب وہ مل کر اپنے بزرگوں کا نامکمل مشن مکمل کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس ملک کے عوام کی خدمت کی ہے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جہاں ملک بھر کے غریب کسانوں کو مفت زرعی زمین دی، تو نصیرآباد کے کسانوں میں بھی 5 لاکھ ایکڑ زرعی زمین تقسیم کی تھی، جبکہ اس علاقے کو پانی فراہم کرنے کے اسٹرکچر کی بنیاد بھی قائدِ عوام ہی نے رکھی تھی۔ آج سندھ اور بلوچستان پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، کیونکہ پی پی پی حکومت کے علاوہ کبھی کسی نے اس معاملے پر توجہ نہیں دیا۔ جب پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک بار پھر حکومت کی ذمہ داری ملے گی، تو سب سے پہلا پانی کا مسئلہ حل کریں گے۔ جب دریا کے زیریں علاقوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی، تو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سندھ پنجاب بارڈر پر دھرنا دیا تھا اور اس سازش کو ناکام بنایا تھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سندھ کو پانی ملے گا، تو بلوچستان کو بھی پانی ملے گا۔ ہم کسی سے بھیک نہیں مانگتے، بلکہ ہم اپنے حق کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اپنا حق چھین کر حاصل کرنا بھی جانتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نصیرآباد کے عوام سے محبت کرتی تھیں۔ وہ نصیرآباد والوں کے لیئے کہتی تھیں کہ آپ ہم لاڑکانہ والوں کے پڑوسی ہیں اور پڑوسیوں کا حق سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ ان کا خواب تھا کہ نصیرآباد کی عوام کو مفت بجلی میسر ہو۔ اس خواب کو ہم اسی طرح پورا کریں گے، جس طرح تھرپارکر میں اسلام کوٹ اور گردونواح کو مفت بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ اگر پی پی پی کی سندھ حکومت نصیرآباد کے ملحقہ علاقوں جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر اور گمبٹ میں این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی اور گمبٹ انسٹیٹیوٹ جیسی عالمی معیار کی اسپتالیں بناسکتی ہے، تو وہ نصیرآباد میں بھی صحت کا ایسا مفت نظام قائم کرسکتی ہے، کہ جس کے بعد یہاں کی عوام کو کسی صحت کارڈ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ قائدِ عوام ہوں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہوں، یا صدر آصف علی زرداری، انہوں نے ملک سے غربت کے خاتمے کے لیئے اقدامات کیئے۔ نصیرآباد کی 70 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کی وجہ سے ملک میں غربت اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ قائدِ عوام کا نعرہ تھا کہ مانگ رہا ہے ہر انسان، روٹی کپڑا اور مکان۔ لیکن آج کا نعرہ یہ ہے کہ چھین رہا ہے کپتان، روٹی کپڑا اور مکان۔ عمران خان نے عوام کے ووٹ، پیٹ اور جیب پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ ہم یہ صورتحال مزید برادشت نہیں کرسکتے۔ ہم نے سلیکٹڈ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور عوام کو حقوق دلوانے اسلام آباد جائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جتنا ظلم بلوچستان کے عوام نے برداشت کیا ہے، کسی اور نے نہیں کیا، لیکن یہ محب وطن لوگ ہیں، ہمیشہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا ہے۔ میرے خاندان نے بھی اسی طرح کی تکالیف دیکھی ہیں۔ میرے نانا کو پھانسی دے کر شہید کیا گیا، تو میری والدہ نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا کر آگے بڑھیں۔ میرے والدہ کے دو بھائیوں کو بھی شہید کیا گیا، تو پھر بھی انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، تو ہم نے اور صدر آصف علی زرداری نے بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور کہا کہ جمہوریت بھتر انتقام ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں بلوچستان کے نوجوانوں کو اپیل کرتا ہوں کہ وہ میرا ساتھ دیں۔ میں بھی ان کی طرح نوجوان ہوں، ناراض ہوں اور بہت دکھ سہے ہیں، لیکن تمام مسائل کا حل جمہوریت اور جمہوری جدوجہد میں ہے۔ہم مل کر جدوجہد کریں گے۔ ہم ہتھیار نہیں ووٹ کی طاقت میں یقین رکھتے ہیں۔ مجھے آپ ایک موقع دیں، پاکستان پیپلز پارٹی پر بھروسہ کریں۔ ہم وفاق پرست ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں، جب تمام صوبوں کو حقوق، ان کے وسائل اور اپنے نمائندے ملیں گے، تو وفاق مضبوط ہوگا۔ اگر اللہ تعالی نے ہمیں موقع دیا تو بلوچستان کو اس کا حق دلوائیں گے اور مسائل حل کریں گے۔آپ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریئے پر یقین رکھیں۔ ہمارے پانچ رہنما اصول ہیں کہ اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست، مساوات ہماری معیشت، طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور شہادت ہماری منزل ہے۔ اگر آپ ان اصولوں کو تسلیم کرتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں۔ دریں اثناء، عظیم الشان جلسہ عام کے دوران بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل تمبو کی سیاسی شخصیت سردار غلام رسول عمرانی نے باضابطہ پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔