ماضی کے مقابلے میں اب بلوچستان کے حالات کافی بہتر ہیں، میر صادق سنجرانی

نوشکی (ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی،چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا نے اتوار کودہشت گردی کا نشانہ بننے والے ایف سی ہیڈ کوارٹر نوشکی کا دورہ کیا۔جہاں کمانڈنٹ نوشکی ملیشیاء کرنل محمد وقاص علی نے انہیں بریفنگ دی،اس موقع وزیر اعلی بلوچستان اور چیئرمین سینیٹ نے یاد گار شہدا پر پھول چڑھائی اور شہدا ء کے بلند درجات و ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی،ڈپٹی کمشنر ہاوس میں ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد نعیم گچکی نے انہیں ضلع کی سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا،وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اورچیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی نے نوشکی ہاؤس میں صحافیوں اور ایف سی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،ماضی کے مقابلے میں اب بلوچستان کے حالات کافی بہتر ہیں، ہمارے نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا،ہم ان کے ایسے منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک پیج پر ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں سیکورٹی فورسز کا انتہائی اہم کردار رہا ہے،اس سے قبل بلوچستان میں دہشت گردی کے خوف سے ہمارے لوگ ایک دوسرے کے تعزیت پر جانے سے بھی گھبراتے تھے۔لیکن اب بلوچستان میں امن کا راج ہے،نوشکی اور پنجگور میں شہید ہونے والے جوانوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا،انکی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور دہشت گردوں کو انکے کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے،وزیر اعلی نے کہاکہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے آدھا پاکستان ہے ہماری آبادی بکھری ہوئی ہے اس لئے ترقیاتی عمل میں زیادہ وسائل کی ضرورت ہوتی ہے،ہمیں سالانہ 70 ارب روپے ملتے ہیں جو ناکافی ہیں وزیر اعظم سے بلوچستان کے فنڈز میں اضافے کی درخواست کرچکے ہیں ریکوڈک پراجیکٹ اس حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے اچھا خاصا شئیر بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے لائے ہیں مستقبل میں بلوچستان کے وسائل میں اس پراجیکٹ سے اضافہ ہوگا اور ہمیں بلوچستان کی ترقی کے لئے کسی پر انحصار کرنا نہیں پڑے گا،ترقیاتی یافتہ بلوچستان وزیر اعظم کا وژن ہے اور وہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ساوتھ بلوچستان ترقیاتی پیکیج کے طرز پر جلد ہی نارتھ بلوچستان پیکج کا اعلان کرینگے،بلوچستان کے پانچ پانچ اضلاع کو سالانہ کے بنیاد پر خصوصی ترقیاتی پیکیج دے کر عوام کے بنیادی مسائل حل کرائیں گے،انہوں نے اس موقع پر نوشکی میں دہشت گردی سے متاثرہ ٹیچنگ ہسپتال اور تمام سرکاری دفاتر کی بحالی،نوشکی میں زیر تعمیر 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی فوری تعمیر شروع کرنے اور رخشان ڈویڑن کو ملازمتوں کے کوٹہ دینے کی ہدایات دی،نوشکی ضلع میں دو تحصیل اور ایک سب تحصیل پریس کلب کے لئے پانچ لاکھ روپے اور صحافی کالونی کے لئے کمشنر رخشان ڈویژن کو جلد رپورٹ پیش کرنے کی تاکید کی،اس موقع پر ایم پی اے نوشکی بابو میر محمد رحیم مینگل،وزیر تعلیم نصیب اللہ مری،سینیٹر کہدہ بابر،وزیر ایریکسین محمد خان لہڑی، میر اعجاز خان سنجرانی،صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو،مشیر سپورٹس عبدالخالق ہزارہ،میر عبدالکریم نوشیروانی، کمشنر رخشان سیف اللہ کھیتران اور ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد نعیم گچکی بھی موجود تھے۔بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین میر اورنگزیب جمالدینی نے چیئرمین سینیٹ و وزیر اعلی بلوچستان و وزراء چیف سیکرٹری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے