ہماری فوج ایک بہادر اوردلیر فوج ہے اوران کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکتا، وزیراعلیٰ بلو چستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے اور ہماری فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اور جن لوگوں نے بلوچستان کے پڑھے لکھے لوگوں کو اپنا نشانہ بنایا اور صوبے میں تخریب کار عناصر کے آلہ کار بنے وہ یقینا اس صوبے کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اور بلوچستان کے عوام جان چکے ہیں کہ ایسے عناصر جو صوبے کی نام نہاد آزادی کیلئے کام کررہے ہیں وہ صوبے کے ساتھ کتنے مخلص ہیں۔ وزیراعلیٰ نے نوشکی اور پنجگور میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایف سی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بہادری اور شجاعت سے حملے کو پسپا کرتے ہوئے بھرپور انداز سے جوابی کاروائی کی اور آج صوبے کے عوام بھی دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبہ اور ملک ہمارا ہے اور اگر دہشتگردی کے خلاف ہماری ضرورت ہوئی تو ہم بھی مسلح ہوکر دہشتگردوں کامقابلہ کریں گے اور اپنی فورسز کی طرح اس دھرتی کی حفاظت کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قوت سے خائف نہ ہوں کیونکہ ہماری فوج ایک بہادر اوردلیر فوج ہے اور ان کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکتا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر قائد اعظم کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا اور چیف سیکرٹری کو اس منصوبے پر فوری طور پر عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے گذشتہ کئی عرصے سے تعطل کا شکار زیارت میلہ پھر سے شروع کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میلے کا انعقاد پھر سے کیا جائے گا جو زیارت شہر میں ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زیارت ہمارا اثاثہ ہے یہاں کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے جنگلات کو بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر زیارت کو میونسپل کارپوریشن بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ساری لیڈر شپ ایک صفحہ پر ہے انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ جہاں بھی کوئی عوامی نوعیت کا میرا دورہ ہو تو اس دوران کوئی روٹ نہ لگایا جائے اور نہ ہی دکانوں کو بند کیا جائے کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے دوروں کے موقع پر عوام کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ یہ سب ہماری بہادر افواج، لیویز فورس،ا یف سی اور قوم کی قربانیوں کے باعث ممکن ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تقریب میں موجود معروف لوک گلوکار اختر چنال کا علاج سرکاری طور پر کرانے کا اعلان کرتے ہوئے ان کو کیش ایوارڈ بھی دیا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے تقریب میں ملی نغموں پر اپنے فن کا مظاہر کرنے والے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور ان سے یک جہتی کیلئے تقاریر پیش کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو زیارت پہنچنے پر قائد اعظم ریذیڈنسی میں پولیس کے خصوصی دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پرچم کشائی بھی کی اور وزیراعلیٰ کو روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سے تقریب میں موجود طلباء و طالبات نے تصاویر بھی کچھوائیں۔ تقریب سے کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، آئی جی ایف سی نارتھ محمد یوسف مجوکہ اور رکن صوبائی اسمبلی و اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے