طاقت کے ذریعے کشمیری مسلمانوں سے حق خودارادیت نہیں چھینا جاسکتا،سردار سربلند جوگیزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر اقوام متحدہ اورعالمی برادری کو بیدار ہونا پڑے گا،طاقت کے ذریعے کشمیری مسلمانوں سے حق خودارادیت نہیں چھینا جاسکتا،اقوام متحدہ کے متفقہ قرارداد کے تحت کشمیریوں کو یہ حق حاصل ہیں کہ انہیں صوابدید رائے کی مکمل آزادی ہوں۔ یہ با ت انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک مشترکہ پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی ہے بھارتی مظالم،بربریت اور تشدد سے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کومزید جلاملی ہے ہر آنے والے دن کے ساتھ کشمیری نوجوانوں کے لہو سے آزادی کی تحریک مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کشمیر کے سب سے بڑے وکیل اور شہید بینظیر بھٹو کشمیر کی سفیر تھی، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے شہید قائدین کے ویژن کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد اور رائے شماری کا حق دلانے کے لئے کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔