کشمیری عوام کی جدوجہد تمام بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے،وزیراعلیٰ بلوچستا ن عبدالقدوس

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستا ن عبدالقدوس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد تمام بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے جسے اقوام متحدہ نے تسلیم کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دینے اور استصواب رائے کرانے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی شروع سے حمایت کرتا ہے جو عالمی ادارے کی قراردادوں کے عین مطابق ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری کئے گئے اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ خطے میں امن کا خواب اسی وقت شرمندہ تعبیر ہوسکتاہے جب کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے، کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن ممکن نہیں، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیرپرزبردستی قبضے کے ذریعہ کشمیری عوام کے حقوق کوپامال کرتے ہوئے بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم وجبر جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف بھارتی حکومتوں نے کشمیری عوام کے حق و انصاف کی جدوجہد کو دبانے کیلئے قوت کا بے دریغ استعمال کیا ہے اور موجودہ مودی سرکار نے تو آرٹیکل 370کو ختم کرکے کشمیر کو حاصل نام نہاد خودمختاری کا بھی خاتمہ کردیا اور اس پر کشمیریوں کے رد عمل کو چھپانے کیلئے علاقے میں مہینوں سے کرفیو کی صورتحال پیدا کررکھی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ بھارت کے مظالم کانوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلوایا جائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اخلاقی اورسفارتی حمایت کشمیریوں کوکل بھی حاصل تھی اورآئندہ بھی رہے گی،پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارمیں کسی سے پیچھے نہیں ہیں اورہماری دْعائیں اوراخلاقی حمایت ان کے ساتھ ہے جلدکشمیرمیں آزادی کاسورج طلوع ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے