ڈی ایچ اے کوئٹہ کو بہت جلد سکونت کے قابل بنا دیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈی ایچ اے کوئٹہ ہیڈ آفس میں ٹریفک کے اثرات کے مطالعہ کے حوالے معاہدے پر دستخط ثبت کرنے کی تقریب ہوئی۔تقریب میں سول سوسائٹی، (National Institute of Transportation )کے عہدے داران اور صحافی برداری سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔مہمانوں کو حرف سپاس پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ ، ڈی ایچ اے کوئٹہ پردیپ کمار کا کہنا تھا کہ آج کی اس تقریب سے ڈی ایچ اے کوئٹہ نے سمارٹ سٹی کی جانب ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی بڑی ہاوسنگ سوسائٹی میں ٹریفک مینیجمنٹ انتہائی اہمیت کی حامل گردانی جاتی ہے۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ DHA کوئٹہ کو ابتداء ہی سے ‘Smart City ‘ کے طرز پر ڈیزائن کیا جارہا ہے۔ ٹریفک مینیجمنٹ اس پلاننگ کا اہم جز ہے۔ جس کے بغیر سمارٹ سٹی کا تصور ممکن نہیں ہے۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل این آئی ٹی، بریگیڈئیر وسیم کیانی کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ کی ڈویلپمنٹ میں حصہ لینا یقینا ہماری کمپنی کے لیے باعث اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے مستقبل قریب اور بعید میں ٹریفک مینیجمنٹ میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ سڑکوں کی تعمیر اور ٹاون پلاننگ میں بھی یہ معاہدہ کارگر ثابت ہوگا۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کوئٹہ، نے کہا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ اپنی روایت کو برقرار رکتھے ہوئے اپنے اہداف مقررہ مدت میں حاصل کر رہا ہے۔
صحافی برادری سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کوئٹہ کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ کو بہت جلد سکونت کے قابل بنا دیا جائے گا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی ڈی ایچ اے کوئٹہ کا اصل سرمایہ ہے اور ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ اپنے صارفین کو بے مثل اور پر وقار طرز رہائش فراہم کرے گا۔ اس موقع پر بلوچستان مہمان خاص شازیہ بتول صاحبہ کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔