پی پی پی عوام کو نا اہل حکمرانوں سے عوام کو نجات دلاکر دم لے گی، میر چنگیز جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں 27فروری کو فیصلہ کن لانگ مارچ ہوگا پی پی پی عوام کو نا اہل حکمرانوں سے عوام کو نجات دلاکر دم لے گی، پیپلز پا ر ٹی نے ہمیشہ جمہو ر یت اور پا ر لیما ن کو مضبو ط کرنے کیلئے جدوجہدکی لیکن کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا پاکستان پیپلز پارٹی کوختم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں پیپلزپارٹی کوختم کرنے والے خود آج اس دنیا میں نہیں رہے لیکن پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے۔، بلوچستان کے جیالے لانگ مارچ کی بھر پور تیاریاں کریں اور نا اہل سلیکٹڈ حکمرانوں کوگھر بھجوانے کیلئے گھروں سے باہر نکل کر پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں۔ یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اور سابق صوبائی صدر و لانگ مارچ کمیٹی کے ممبر میر صادق عمرانی نے بدھ کو ”کاکڑ ہاوس‘‘ میں پیپلز پارٹی کے صوبائی عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور مختلف ڈویژنل و ضلعی عہدیداروں،ذیلی ونگز کے صدور،جنرل سیکرٹریز اور اطلاعات سیکرٹریز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی جنرل سیکرٹریز ثناء اللہ جتک،غلام محی الدین رند،ڈپٹی اطلاعات سیکرٹریز قاسم خان اچکزئی،ملک زیشان حسین،فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ،رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی،میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان ااچکزئی، حاجی خان محمدبڑیچ، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین شریف خان خلجی، کامران خلجی،سید سعداللہ شاہ،میر یونس ملازئی،سردار عمران بنگلزئی،نعیم بلوچ،،رحمت اللہ کدیزئی،میر نصیب اللہ شاہوانی،نورالدین کاکڑ،صوبیدار جتک،شہزادہ کاکڑ،شاہجہان گجر، سید ظہور آغا ایڈوکیٹ،جبار خلجی،اقلیت کے چترومل ماترے اوردیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27 فروری حکومت مخالف لانگ مارچ کی تیاریوں اور شرکت کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور لائحہ عمل طے کیا گیا اور لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان بھر کے پارٹی عہدیداران و کارکنان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بلوچستان سے بڑے قافلے کی شکل میں لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔اجلاس میں بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو، پارٹی کے تمام شہداء اور حال ہی میں فوت ہونے والے پارٹی کے مختلف رہنماؤں کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اورانکے اتحادیوں نے عوام کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا حکمران مسلسل عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں عوام ایسے نااہل حکمران سے نجات چاہتی ہے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سلیکٹڈ عمران نیازی کو گھر بھیجنے کے لئے 27فروری کو کرچی سے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے اورانشاء اللہ کراچی سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی عمران نیازی اورانکے اتحادی استعفیٰ دیکر گھروں کو چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو طاقت کا سرچشمہ تسلیم کیاہے اورعوام کی طاقت سے غیرجمہوری حکمرانوں اورآمروں کا مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو سبز باغ دکھاکر اقتدارمیں غیرقانونی طریقے سے آئے اور اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے ادویات، پٹرولیم مصنوعات،بجلی، گیس، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافہ کیا جس کی وجہ سے عوام آج دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں عمران نیازی عوام کوریلیف فراہم کرنے کی بجائے اپنے مخالفین کو کچلنے میں مصروف ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے