فرانس عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان
پیرس: فرانس نے ملک میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا فرانس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے کمی آ گئی ہے جس کے بعد حکومت فرانس نے ماسک پہننے سمیت کورونا کی کئی پابندیوں میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا فرانس میں کورونا وائرس کی کمی کے باعث حکومت نے 2 مراحل میں کورونا کی پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلے کا آغاز 2 فروری سے کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں پابندیوں میں نرمی کا اطلاق 16 فروری سے ہو گا۔
فرانسیسی حکومت نے پہلے مرحلے میں عوامی مقامات پر فیس ماسک کی شرط ختم کی ہے اور کھیلوں کے مقابلوں، کنسرٹس ہالز اور دیگر تقاریب میں حاضرین و ناظرین کی تعداد کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے۔حکومت فرانس نے گھر سے ہی دفتری امور نمٹانے کی شرط بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم عوام سے اپیل کی کہ بہتر ہو گا وہ گھر سے ہی کام کریں۔
دوسرے مرحلے میں 16 فروری سے نائٹ کلبس کھول دیئے جائیں گے جبکہ میوزک کنسرٹس، کھیلوں کے مقابلوں اور بارز میں کھڑے رہنے کی بھی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات، پبلک ٹرانسپورٹ اور سینما گھروں میں کھانے پینے پر پابندی کا خاتمہ بھی 16 فروری سے ہو گا۔
واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز کے ساتھ ہی فرانس میں کورونا کی وبا نے خطرناک صورت حال اختیار کرلی تھی، جس پر حکومت کی جانب سے کئی پابندیوں کا اطلاق کیا گیا تھا حکومتی پابندیوں کے خلاف عوامی سطح پر شدید رد عمل سامنے آیا تھا اور ہر ہفتے کے روز ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے تھے تاہم اب فرانس میں کورونا کی لہر میں واضح کمی کے بعد حکومت نے عائد پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔