شہداء کی جانوں کا ازالہ تو نہیں کرسکتے لیکن لواحقین کے ساتھ ہرممکن تعاون کرینگے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے جے یو آئی نظریاتی کے وفد نے جماعت کے امیر مولانا عبدالقادر لونی کی قیادت میں ملاقات کی وفد نے وزیراعلیٰ کو کوئٹہ اور چمن میں پارٹی کے کارکنوں اور قیادت پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے نتیجہ میں ہونے والے جانی نقصان اور جماعت کی قیادت کو سیکورٹی کے درپیش چیلنج سمیت دیگر تحفظات سے آگاہ کیا وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے چمن اور کوئٹہ دھماکے میں جے یو آئی نظریاتی کے کارکنوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ شہداء کی جانوں کا ازالہ تو نہیں کر سکتے لیکن لواحقین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرینگے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ ہوتا ہے اس کا نقصان کسی ایک پارٹی یا ایک خاندان کا نہیں پورے صوبے کا ہو تا ہے و زیراعلیٰ نے کہا کہ بات چیت کے زریعہ مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں اور مل بیٹھ کر بات چیت کرنے سے مسائل حل ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ چمن بم دھماکے کی جے آئی ٹی کی رپورٹ پبلک کی جائے گی اور واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گاجبکہ جے یو آئی نظریاتی کے رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ کوئٹہ دھماکے کے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گاوزیراعلیٰ نے کہا کہ گلہ اپنوں سے ہوتا ہے جے یو آئی نظریاتی کا گلہ سر آنکھوں پر ہے انہوں نے کہا کہ جب کوئٹہ دھماکہ ہوا ہماری نئی حکومت بنی تھی اور میں اسلام آباد میں تھا وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفد کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرتے ہیں اورمطالبات کے جائیزہ اور ان پر عملدرآمد کے لئے وزراء کمیٹی قائم کی جاتی ہے مولانا عبدالقادر لونی نے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی اور ہمدردانہ رویہ پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کل کا احتجاجی مظاہرہ منسوخ کرنے اعلان کیا جبکہ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سے کامیاب مزاکرات کے بعد کل کا دھرنا منسوخ کر دیا گیا ہے۔