ہم نے اس ملک اورصوبے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، میرعبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئرنائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ماضی کی حکومت کی جانب سے خاران کے لئے جو ترقیاتی اسکیمات منظور ہوئی تھیں کے فنڈز کو فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات دیکر ہم پر احسان کیا ہے ہم تہہ دل سے ان کے مشکور ہیں میری ان سے یہ بھی گزارش ہے کہ وہ خاران میں خالی تمام آسامیوں کو پْر کرنے کے لئے میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھنے کے احکامات بھی صادر کریں کیونکہ خاران میں بے روزگاری بہت ہے، پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے پھررہے ہیں جبکہ موجودہ ایم پی اے خاران ماضی کی طرح ان آسامیوں کے حوالے سے بندر بانٹ اور اپنے من پسند لوگوں کو سیاسی بنیادوں پر بھرتی کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے آفیسران پر دباڈال رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ ہم محب وطن ہیں اور ہم نے اس ملک اورصوبے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں اور اب بھی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ موجودہ ایم پی اے خاران مراعات اور مفادات کے پجاری ہیں ساڑھے تین سال میں ان کی کارکردگی صفر رہی ہے۔ ہم نے بھی خاران کے عوام کے ووٹ لئے ہیں موجودہ ایم پی اے تو دھاندلی کے ذریعے کامیاب ہوکر آئے ہیں، میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ایم پی اے شپ سے استعفیٰ دیں اور صاف و شفاف الیکشن ہوں تو ہم ان کی ضمانت ضبط کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ماضی کی حکومت کی جانب سے خاران کے لئے جو ترقیاتی اسکیمات دی تھیں جن کے باقاعدہ ٹینڈر ہوکر ورک آرڈرز اپ لوڈ ہوگئے تھے اور ان پر ترقیاتی کام جاری تھا ایم پی اے کی ایماء پر ان کاموں کو روک دیا گیا تھا ان پر کام دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت جاری کرکے خاران کے عوام کے دل جیت لئے ہیں ان میں واٹر سپلائی، روڈ سیکٹر، بی آر سی کالج، ڈیمز لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر ترقیاتی اسکیمات شامل تھیں ہم وزیراعلیٰ کے مشکور۔ انہوں نے کہاکہ میری خاران کے آفیسران سے بھی گزارش ہے کہ وہ موجودہ ایم پی اے کواڑنے نہ دیں بلکہ برابری کی بنیاد پر اہمیت دیں ہم نے بھی خاران کے عوام کی خدمت کی ہے ہم نے بھی ووٹ لئے ہیں اور اس سے قبل عوام نے 5مرتبہ ہم پر اعتماد کیا اب جعلسازی اور دھاندلی سے کامیاب ہونے والے ایم پی اے صاحب کی ہر بات پر سیاسی مخالفین کو کچلنے کی پالیسی سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ رخشان ڈویڑن کا زیادہ تر دارومدار زراعت پر ہے اور یوریا کھاد وغیرہ کو یہاں سے غائب کردیا گیا ہے جس سے زمیندار طبقہ شدید ذہنی کوفت کا شکار ہے میری وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو سے یہ بھی گزارش ہے کہ وہ اس بات کا نوٹس لیں اور رخشان ڈویژن کے زمینداروں کے لئے خصوصی طور پر یوریا کھاد کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں تاکہ زراعت کو فروغ ملے اور یہاں کا زمیندار طبقہ جو کہ نان شبینہ کا محتاج ہوتا جارہا ہے کو اپنی فصلیں بہتر کرنے کا موقع ملے اور وہ صوبے میں زراعت کے شعبے کو ماضی کی طرح فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔