قوم کو لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے، احسن اقبال
اسلام آباد ا(ڈیلی گرین گوادر) ن لیگ کے سینئر رہنماء احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قوم کو لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عوامی مسائل حل کرنے کی الف ب کا بھی علم نہیں، عمران خان نے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کا اعلان کیا تھا، آئی ایم ایف نہ جانے والا آج اسٹیٹ بینک ہی آئی ایم ایف کو دے آیا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ وہ وقت دورنہیں جب عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کے کیس چلیں گے۔ انہیں بتانا پڑے گا کہ ان کا ٹیکس کیسے بڑھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو نہیں معلوم کو بھارتی مظالم کے خلاف کیا کرنا ہے، ان پر ملکی معیشت تباہ کرنے، کشمیر بیچنے کا مقدمہ چلے گا۔ انہوں نے ادویات مہنگی کرکے علاج ناممکن بنا دیا، حکومت صحت کارڈ کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔ صرف مخالفین پر تنقید کرنا جانتے ہیں۔ن لیگی رہنماء نے کہا ملک میں سی پیک کے انقلاب کو تہس نہس کردیا گیا، سی پیک کو 9 صنعتی زون میں سے ایک بھی نہیں بنا، چین سے 40 ارب کی پرائیویٹ انویسٹ منٹ آنی تھی، ایک روپے کی بھی انویسٹ منٹ نہیں آئی۔