نواز شریف و جہانگیر ترین کی نااہلی کیخلاف دائر درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سپریم کورٹ نے نواز شریف، جہانگیر ترین سمیت دیگر سیاست دانوں کی تاحیات نااہلی کے خلاف دائر درخواست اعتراض لگاکر واپس کردی۔ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سمیت دیگر سیاست دانوں کی تاحیات نااہلی کے خلاف دائر آئینی درخواست اعتراضات عائد کرتے ہوئے واپس کردی۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراض کیا ہے کہ معاملے پر سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ پہلے ہی فیصلہ دے چکا ہے، تاحیات نااہلی کے معاملے پر نظر ثانی درخواستیں بھی مسترد کی جاچکی ہیں، معاملے پر ایک بار فیصلہ ہوجائے تو نئی درخواست دائر نہیں ہوسکتی۔سپریم کورٹ بار نے درخواست پر اعتراضات عائد ہونے اور واپس کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بار کے صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے کہ اہم کیس میں تکنیکی اعتراض لگائے جائیں، ہم فیصلے کے خلاف جلد اپیل دائر کریں گے اور اپیل کی کاپی میڈیا سے بھی شئیر کریں گے۔واضح رہے کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے واپس کردیا گیا ہے۔