پی ٹی آئی کو دھچکہ، سینیٹر فدا محمد خان جے یو آئی( ف) میں شامل
ملاکنڈ(ڈیلی گرین گوادر) حکمران جماعت تحریک انصاف کو بڑادھچکہ، پی ٹی آئی کے سینیٹر فدا محمد خان کے فرزند مولانا فضل الرحمن کو پیارے ہوگئے، انجنیئر احتشام الحق نے جے یو آئی میں با ضابطہ شمولیت کااعلان کیا کردیا ہے۔ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے سینیٹرفدامحمد خان کے فرزند انجنیئراحتشام الحق اپنے سینکڑوں ساتھیوں و خاندان سمیت حکمران جماعت سے مستعفی ہو کر جمیعت علما اسلام میں باضابطہ طور پر شامل ہوگئے ہیں۔اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں جے یوآئی کے صوبائی امیر سینیٹرمولاناعطاالرحمٰن نے شمولیت اختیارکرنے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں ۔
سینیٹرمولانا عطا الرحمن کا کہنا ہے کہ جے یو آئی حادثاتی طور پر بننے والی جماعت نہیں بلکہ ایک با اثرتحریک ہے ، بلدیاتی الیکشن میں عوام نے ثابت کیا کہ پی ٹی آئی عوامی مقبولیت کھوچکی ہے، عوام نے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی جڑیں کاٹ دیں۔ 27 مارچ کو صوبہ بھر سے حکمران جماعت کاصفایا ہوگا۔مولانا عطا الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو لانے والے آج شرمندہ ہیں، یہ لوگ نہ گھر چلاسکتے ہیں اور نہ ملک ، حکومت نے صرف ایک کام کرکے نوجوانوں کو بے راہ کیا۔سینیٹرمولاناعطا الرحمٰن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اقرار کرے کہ ہم ملک چلانے کے اہل نہیں ، جمیعت علما اسلام آج بھی اپنے بیانیہ پرکھڑی ہے۔