نوجوان آگے آئیں کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کریں، مولاناعبدالحق ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ سینٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود اسٹیٹ بنک ترمیمی بل کا پاس ہونا حکومت اپوزیشن کا ایک ہونا ثابت ہوگیا ہے کا ش قومی جماعتیں حقیقی اپوزیشن کا کرداراداکرتی یاحکومت اپنے وعدوں واعلانا ت مخلص ہوتی تو ملک آئی ایم ایف کے حوالے ہوتا نہ ملک میں اتنی زیادتی مہنگائی ہوتی فرینڈلی اپوزیشن کی وجہ سے آج ملک آئی ایم ایف کے حوالے،بدعنوانی عروج پر،مہنگائی کی وجہ سے عوام نان شبینہ کے محتاج ہیں۔جماعت اسلامی مہنگائی بدعنوانی اور آئی ایم ایف کے خلاف ملک بھر میں دھرنے واحتجاج پر ہے انشاء اللہ عوامی جدوجہد کے ذریعے حقوق مل جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی لڑائی کسی فرد یا جماعت سے نہیں کرپٹ نظام سے ہے۔ فرسودہ سسٹم نے سات دہائیوں سے ملک میں جڑیں گاڑھی ہوئی ہیں اور اس کے محافظ پارٹیاں اور چہرے بدل بدل کر عوام کی گردنوں پر سوار ہوتے ہیں۔ موسمی پرندے موسم تبدیل ہوتے ہی ہجرت شروع کر دیتا ہے پی ٹی آئی کے تبدیلی اور ریفارمز کے وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ بلوچستان کو جماعت اسلامی حق دے سکتی ہے عوام نے سب کو آزما لیا اب جماعت اسلامی امید کی کرن بن گئی ہے۔ملک بھر بلخصوص بلوچستان میں ہرطرف بدعنوانی کا دور دورہ ہے اسمبلی میں عوام کا سننے عوام کو حقوق دینے عوام کیلئے جدوجہد کرنے والا کوئی نہیں۔جماعت اسلامی مظلوم عوام کی تواناآوازبنے گی۔عوام نے جن پربار باراعتماد کیاانہوں نے ہی مسائل وپریشانیاں پید اکی ہیں۔موروثیت فرقہ واریت اور لسانیت سمیت بدعنوانی بڑے بڑے مسائل ہیں۔ بدعنوان اور بدنام سیاستدانوں نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دے دیا۔بلوچستان میں ہر پارٹی کے دورحکومت،اور حکومت میں شامل ہر پارٹی کے دور میں عوام کی محرومیوں اور مجبوریوں میں مزید اضافہ ہوا۔ ملک پر براجمان وڈیرے، جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار چاہتے ہیں، ہر ادارے پر ان کا قبضہ ہو، ایوانوں کے باہر اور اندر ان کے نعرے لگیں، ملیں فیکٹریاں ان کی ہوں اور وہ جاتے ہوئے یہ مراعات اپنے پوتوں اور نواسوں کو عنایت کرجائیں۔ حکمران طبقہ چاہتا ہے کہ بائیس کروڑ عوام ان کی ملازم بنی رہے۔ ہمیں ایسا نظام نہیں چاہیے۔ ہمارے لیے جھونپڑی میں رہنے والا اور غریب کا بچہ جس کے پاؤں میں جوتا تک نہیں سب سے معتبر ہے۔ جماعت اسلامی یہ چاہتی ہے کہ ملک کے نوجوان آگے آئیں اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کریں۔ جماعت اسلامی قوم کی آواز بن رہی ہے۔ انشاء اللہ اسلامی اور فلاحی پاکستان کی منزل حاصل کرکے دم لیں گے