گوادر،فٹبال اسٹیڈیم کی خوبصورتی نے لوگوں کو اپنی سحر میں جکڑ لیا
گوادر (ڈیلی گرین گوادر) گوادر میں کرکٹ اسٹیڈیم کے بعد فٹبال اسٹیڈیم کی خوبصورتی نے بھی لوگوں کو اپنی سحر میں جکڑ لیا ہے۔ ساحل سمندر سے کچھ فاصلے پر کوہ باطل کے دامن میں بنے فٹبال کے میدان کی خوبصورتی کی سوشل میڈیا پر صارفین نے تعریف کی ہے ڈاٹریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر مجیب الرحمٰن قمبرانی کے مطابق بابا میر غوث بخش بزنجو فٹبال اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر ایک کروڑ 63 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے جلد وزیراعلیٰ بلوچستان بہت جلد اس فٹبال اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے انہوں نے بتایا ایک لاکھ 38 ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلے اس پرانے فٹبال اسٹیڈیم کی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نئے سرے سے تزئین و آرائش کی ہے۔ پہلے یہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا تھا اور یہاں کوئی سبزہ نہیں تھا، کھلاڑی دھول مٹی میں کھیلتے تھے انہوں نے کہا ہے کہ فٹبال اسٹیڈیم میں خوبصورت سبزہ بچھایا گیا ہے فلڈ لائٹس بھی لگادی گئی ہیں اب رات کو بھی یہاں مقابلے کھیلے جاسکیں گے جبکہ تماشائیوں کے بیٹھنے کے لئے نیا پویلین، مہمانوں کے لئے بیٹھنے کی الگ جگہ، کھلاڑیوں کے لئے کمرے اور دفاتر بنائے گئے ہیں۔ زیر زمین پانی کی ٹینکی،واکنگ ٹریکس اورتماشائیوں کے لئے واش رومزکی تعمیر کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجو د چار دیواری کو بلند، پارکنگ اور دیگر سہولیات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ گوادر میں فٹبال بہت شوق سے کھیلا جاتا ہے، فٹبال کے شائقین نے میدان کی بہتری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پرانی آبادی میں موجود باقی میدانوں کو بھی بہتر کررہے ہیں تاکہ شہر کے نوجوان بہتر اور اچھے ماحول میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں اس عوامی حلقوں نے بابا میر غوث بخش بزنجو فٹبال اسٹیڈیم کی تعمیر کو خوش آئند قرار دے کر حکومت بلوچستان کی کھیلوں کے فروغ کے اقدامات کی تعریف کی اہلیان گوادرنے فٹبال میدان کی حالت بہتر بنانے پر خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ یہ توقع بھی ظاہر کی کہ اس میدان تک عام کھلاڑیوں کی رسائی کو آسان بنایا جائے