کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ٹھیکیداری نظام قبول نہیں،بلوچستان لیبر فیڈریشن
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان چیئرمین حاجی بشیر احمد سیکرٹری جنرل قاسم خان ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالمعروف آزاد سیکرٹری اطلاعات عابد بٹ نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے انتظامی اور صفائی کے امور میں بلاجواز مداخلت اور اسے سیاسی انداز میں چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صوبائی وزیر اور ایڈمنسٹریٹر کی انا اہلی قرار دیا ہے رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے وسائل کی فراہمی بلوچستان لیبر فیڈریشن کا ہر دور حکومت میں اولین مطالبہ رہا ہے آج کوئٹہ شہر کا پھیلاؤ اور آبادی موجودہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملہ صفائی،موجودہ مشینری اور اس کا نظام چلانے والے افسران کی استعداد کار سے کہیں زیادہ ہے بے تحاشا آبادی اور محدود وسائل کی وجہ سے کوئٹہ شہر میں صفائی اور دیگر امور بری طرح متاثرہورہے ہیں رہنماؤں نے کہا کہ ماضی میں بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا شعبہ صفائی نجی شعبے کے حوالے کیا گیا جو وقت کے حکمرانوں اور بیورو کریسی کا انتہائی غلط فیصلہ ثابت ہوا جس سے ادارے کو کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔آج ایک مرتبہ پھر محکمہ کے فنڈزسے سیاسی بنیادوں پر منظورنظر افراد کو نوازنے کیلئے نجی شعبے کے حوالے سے غلط پالیسیاں بنائی جارہی ہیں جو کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں کرپشن کو ہوا دینے کے مترادف پالیسی ہے بلوچستان لیبر فیڈریشن گزشتہ تین سال سے بلوچستان حکومت اور محکمہ بلدیاتی کے حکام سے مطالبہ کررہی ہے کہ کوئٹہ سمیت تمام کارپویشنز اور میونسپل کمیٹیوں کو تنخواہوں و دیگر واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے اور ان انتظامی اداروں میں دیگر صوبوں کی طرح عملہ صفائی کی خالی آسامیوں پر فوری حقیقی ورثاء اور عملہ صفائی کو ہی تعینات کیا جائے تو کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں صفائی سمیت تمام امور میں بہتری لائی جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹڑرپولیٹن کارپوریشن میں سیاسی مداخلت اور ٹھیکیدار نظام قبول نہیں کیا جائیگا بلوچستان حکومت کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی استعدار کار کو بڑھائے اور ادارے کی مشینری و عملے کو جدید حطوط پر استوار کرکے کوئٹہ شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کیلئے حکمت عملی اپنائے ادارے کے ملازمین و مزدوروں کو اوور ٹائم گریجویٹی اور دیگر امور چلانے کیلئے سابقہ پالیسی کے تحت فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ژوب لورالائی سبی و دیگر میونسپل کمیٹیوں کے مالی مشکلات حل کی جائیں۔