وزیراعظم کےخلاف اپوزیشن تحریک عدم اعتمادلانےکا سوچ رہی ہے،فوادچوہدری
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن وزيراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کاسوچ رہی ہے۔لاہور میں صحافیوں سے بات کرتےہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں منتشر اپوزیشن کو ایک اور شکست ہوئی ہے اور اسٹیٹ بینک کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ جس ايوان ميں ان کونام نہاداکثريت حاصل ہے وہاں بھی شکست ہوئی ہے، امید ہے کہ اپوزیشن سکون میں ہوگی اورکچھ دن سکون سےگزرجائیں گے،فوادچوہدری
فوادچوہدری نے راوی اربن پروجیکٹ سے متعلق کہا کہ ريور راوی پروجيکٹ ہاؤسنگ سوسائٹی نہيں بلکہ ايک نياشہرہے۔فوادچوہدری نے کہا کہ جب بھی عدالت نے اپنے اختیار سے تجاوز کیا تو ملک کو نقصان ہوا۔ پنجاب حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ روڈا سے وسطی پنجاب کوبہت فائدہ ہوگا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نئےپاکستان کا خواب شخصیات پر مبنی نہیں ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنانے کی جانب چلے ہیں۔فوادچوہدری نے کہا کہ پہلی بار حکومت پر کرپشن کا الزام نہیں لگا ہے اور حکومت کا پہلی بار کوئی اسکینڈل نہیں آیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن ریلو کٹے ہیں اور عمران خان کے سامنے ساری پارٹیاں ڈھیر ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے حکومت کا ساتھ دیا۔سابق وزیراعظم نوازشریف سے متعلق انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے لندن کا کوئی ریسٹورنٹ نہیں چھوڑا، نواز شریف واپس آ نہیں رہے بلکہ واپس لائے جا رہے ہیں اور ان کے لیے کوٹ لکھپت جیل میں نئے واش رومز بنوالئے ہیں۔