کوئٹہ شہر کے تمام ترقیاتی منصوبے شہریوں کے مفاد میں ہیں ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ کی زیر صدارت وزیر اعلی بلوچستان کوئٹہ پیکیج کے تحت سڑکوں کی توسیعی اور تعمیر و مرمت کے منصوبوں پرکام کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن یاسر خان بازئی کے علاوہ متعلقہ حکام بھی موجود تھے اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پیکیج کے تحت آنے والی سڑکوں سریاب روڈ،سبزل روڈ، سرکی روڈ، جوائنٹ روڈ، سمنگلی روڈ، بروری روڈ اور پرنس روڈ کی توسیع اور مرمت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر کوئٹہ پیکج کے تحت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت سے متعلقہ  مختلف امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پیکج کے تحت شہر کے اہم سڑکوں کی توسیع، تعمیر و مرمت اور دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ اور سبزل روڈ کی توسیع منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے ترقیاتی کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے اس کے علاوہ بادینی لنک روڈ اور شاہوانی لنک روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور پائیداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اجلاس سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ کوئٹہ کے تمام ترقیاتی  منصوبے شہر اور شہریوں کے مفاد میں ہیں ان کی بروقت تکمیل سے جہاں شہریوں کو سہولت میسر آنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے مسائل  بھی حل ہوں گے وہی شہر کی بہتری اور خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بروقت تکمیل سے  رش اور ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ روڈ پر غیر ضروری یوٹرن ختم کرکے ضرورت کے مطابق نئے یوٹرن بنائے جائیں گے تاکہ عوام کو سہولت مل سکے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پیکج  کے حوالے سے منصوبوں پر کام پر پیش رفت اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے