اگلا الیکشن نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ہوگا،فوادچوہدری
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ نے مردم شماری کےلیے 5 ارب روپے کی منظوری دیدی ہے اگلا الیکشن مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ہوگا۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مردم شماری اس سال دسمبرمیں مکمل ہوگی اور جنوری 2022 میں الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں کا کام شروع کرسکے گا۔فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس کو کورونا وباء کےحوالے سے بریفنگ دی گئی، اومی کرون جس شدت سے بڑھا پھر بھی اسپتالوں پردباؤ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ کاروبار کسی صورت بند نہیں ہوں گے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسی نیشن ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے کریمنل لاء امینڈمنٹس کی منظوری دی ہے جس کے تحت اب ہر کرمنل کیس کا فیصلہ 9 مہینے میں کرنا لازمی ہوگا اور اگر کوئی مقدمہ 9 مہینے سے زیادہ زیر التواء رہتا ہے تو مجسٹریٹ چیف جسٹس کو وجوہات لکھ کر دے گا۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مجسٹریٹ اور پراسیکیوشن میں جس کی غلطی ثابت ہوئی اس کیخلاف کارروائی کی تجویز ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس کو ضمانت کے معاملے میں مزید اختیارات دی جارہی ہے جبکہ ایس ایچ او کےلیے گریجویشن کی شرط لازمی کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیوائسز کا رول بھی بڑھایا جارہا ہے۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پولیس کےلیے مقدمے کا چالان 14 دن میں پیش کرنا ضروری ہے مگر اب اس کی مدت 45 دن تک بڑھانے کی تجویز ہے تاکہ پولیس کو تفتیش کےلیے مناسب وقت مل سکے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں رول آف لاءکی کرپشن کا ذکرہے، رپورٹ میں فنانشل کرپشن کا ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ ابھی پوری طرح شائع نہیں ہوئی تاہم جو بات سامنے آئی وہ اسٹیٹ کیپچرکی وجہ سے ہے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے چلغوزوں پرعائد45فيصد ڈيوٹی ختم کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ باہرجانے والےمزدوروں کو کوروناٹيسٹ ميں سبسڈی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہزادا کبر تگڑے آدمی تھے،جوان کی جگہ پرآئے گا اس کيلئے چيلنج ہے، کرپشن کے بڑے کيسزکی سماعت براہ راست دکھانی چاہيے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پام آئل امپورٹ ميں بھی بہت زيادہ اضافہ نظرآرہا ہے جبکہ پرائيويٹ سيکٹرکو پہلی بار قرض دياجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن ڈائريکٹ انويسمنٹ ميں20فيصداضافہ ہوا، ٹيکس کليکشن گروتھ ميں بھی اضافہ ہوا جبکہ 904 ارب روپےکاقرضہ پرائيويٹ سيکٹر نے ليا۔اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تیرچلے گا نہ تلوار ان سے یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔