ملک میں کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرکے کھاد مافیاز کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے، سردارسربلند جوگیزئی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے کھاد اتنی مہنگی کر دی ہیں جس کی وجہ سے کاشتکار وں کی قوت خریدارجواب دے چکی ہے ملک میں کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرکے کھاد مافیاز کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے،حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں زرعی اجناس کی قلت کاخدشہ منڈلا رہا ہے جس کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہوگی،پاکستان پیپلزپارٹی کے 27فروری سے شروع ہونے والے لانگ مارچ سے قبل ہی عمران نیازی اورانکے حواریوں کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ حکمرانوں کے تابو ت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری شریف خان خلجی،ریکارڈ سیکرٹری حاجی خان محمد بڑیچ، صوبائی رہنما ملک عبدالحمید کاکڑ،ضلع کوئٹہ کے صدر نصیب اللہ شاہوانی ٗکوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،ولی محمدوردگ،صوبیدارخان، ثناء اللہ جتک، ظہورآغاایڈووکیٹ،شہزادہ کاکڑ،شاہجہان گجر، احسان افغان،جہانگیر بلوچ، نظرمحمدکاکڑ، اکبر ترین اوردیگر نے حکمرانوں کی زراعت کش پالیسیوں اور کھاد کی مصنوعی قلت کے خلاف پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کسان مارچ کے موقع پر کچلاک میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس سے قبل پیپلزپارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اوردیگرقائدین کی قیادت میں ایک ٹریکٹر ٹرالی ریلی نکالی گئی جو کچلاک مین چوک پر پہنچ کرمظاہرے کی شکل اختیار کرگئی ریلی کے شرکاء نے موجودہ حکمرانوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔مقررین نے کہا کہ تبدیلی سرکار نی کھاد، زرعی ادویات، بیج اور دیگر اشیاء مہنگی کرکے زراعت کو تباہی کے دہانے پرلاکھڑا کیا ہے اوررہی سہی کسر ملک میں کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرکے پوری کردی گئی ہے اور کسانوں کو بلیک میں مہنگے داموں کھاد فروخت کی جارہی ہے اورحکومت نے کھادکی مصنوعی قلت پیدا کرکے کھاد مافیاز کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کھاد کی قلت کے باعث گندم اوردیگر زرعی اجناس کی پیدوارمیں کمی ہوگی جس سے ملک میں زرعی اجناس کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے ذمہ دار موجودہ نا اہل اورسلیکٹڈ حکمران ہونگے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی جانب سے ملک میں غربت میں کمی اور کاشتکاروں میں آمدنی میں اضافہ جھوٹ کے پلندے کے سوا کچھ نہیں ہے کسانوں کی آمدن میں اضافہ نہیں بلکہ وہ قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام خود کشیاں کرنے پر مجبورہوچکے ہیں اور عمران نیازی کہتی ہیں کہ ملک میں گربت میں کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو کسانوں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادکے مسائل حل کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نا اہل حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کیلئے لانگ مارچ کا اعلان کردیا ہے پارٹی کے لانگ مارچ کے اعلان سے ہی نا اہل حکمرانوں کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں اورانشاء اللہ 27فروری کا کراچی سے شروع ہونے والا لانگ مارچ سلیکٹڈ عمران نیازی کے تابو ت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے لانگ مارچ کی بھر پور تیاریاں کریں