حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، کرن بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء کرن بلوچ نے کہا ہے کہ 24 جنوری کو پاکستان بھر میں پیپلزپارٹی کسان ریلیاں نکالے گی جس کا مقصد حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کو اجاگر کرنا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کسانوں کو کھاد کے علاوہ پانی کا بھی مسئلہ ہے، بیج بھی انہیں صحیح وقت پر نہیں ملتا، حکومت کو ملک میں زراعت کو جو ترجیح دی جانی چاہئے وہ نہیں دیتی،انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ 21 جنوری سے شروع ہو اہے جو اس ملک کے پسے ہوئے کسان جنہوں نے ملک کو بنایا وہ ملک کی زرعی ضروریات کو پورا کرتے ہیں ان کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسان جس حالت میں اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں انہیں سہولیات دینے کے بجائے حکومت کی طرف سے ان پر عذاب مسلط کیا جارہا ہے۔ا نہوں نے کہاکہ موجودہ نا اہل حکومت کو گھر بھجوانے کے لیئے پیپلز پارٹی مزید انتظار نہیں کر سکتی تھی اس لئے پیپلز پارٹی سڑکوں پر نکل آئی ہے،انہوں نے کہا کہ سانحہ مری کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے صرف افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹانا کافی نہیں ایسا کر کے حکومت نے عوامی پریشر کو کم کیا ہے بے گناہ لوگوں کی قاتل پنجاب حکومت ہے،پیپلز پارٹی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اب حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔